معاشرے سے بد عنوانی اور رشوت کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہ، نئی قانون سازی کی جا رہی ہے، محمد گوہر نفیس

جمعرات 16 جنوری 2020 23:15

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2020ء) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب محمد گوہر نفیس نے کہا ہے کہ معاشرے سے بد عنوانی اور رشوت کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے نئی قانون سازی کی جا رہی ہے اوربد عنوانی میں ملوث سرکاری افسران و ملازمین کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جا رہی ہے -معاشرے سے بد عنوانی کا خاتمہ عوام کی حمایت اور نشاندہی کے بغیر ممکن نہیں جس کے لئے محکمہ نے موبائل ایپ بھی بنائی ہے تا کہ عام آدمی کسی جھجھک کے بغیر شکایت درج کروا سکے -انہوں نے یہ بات یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،ڈائریکٹر اینٹی کرپشن شفقت اللہ مشتاق بھی ان کے ہمراہ تھے -انہو ںنے کہا کہ سرکاری محکموں سے بد عنوانی ختم کئے بغیر سروس ڈیلوری بہتر نہیں کی جا سکتی اور نہ ہی محکموں کی کارکردگی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے اس لئے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اوپر کی سطح پر بھی بد عنوانی اور رشوت کے خلاف ایکشن لے رہی ہیں -ڈائریکٹر جنرل محمد گوہر نفیس نے کہا کہ بلیک میلنگ کی شکایات کے خاتمے کے لئے جن مقدمات میں سرکاری فنڈز کا خردبرد ہو گا ان مقدمات میں مدعی سرکار ہی بنے گی -اس مو قع پر ریجنل ڈائریکٹر انٹی کرپشن ساہیوال شفقت اللہ مشتاق نے بتایا کہ اگست2019سے ابتک ریجنل ڈائریکٹوریٹ ساہیوال نے 8ارب57کروڑ30لاکھ روپے کی ریکارڈ ریکوری کی ہے جس میں ایک کروڑ کی براہ راست ریکوری اور 1646ایکٹراربوں روپے کی سرکاری املاک کی ریکوری بھی شامل ہے -اس دوران 1028 شکایات موصول ہوئی جن میں سے 910پر کارروائی کی جا چکی ہے 69مقدمات درج کئے گئے 10ریڈ کئے گئے اور 62چالان بھی جمع کروائے گئے -

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں