پلانٹ فارپاکستان ڈے ایک نئی صبح کی نوید ہے‘ بلال فیروز

اتوار 18 اگست 2019 18:15

سرگودھا۔18اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل بلال فیروزنے کہاہے کہ پودے زندگی ہیں‘ ان سے نکلنے والی آکسیجن ماحول کوصاف بناتی ہے‘ پودوں کی کمی کے باعث موسمیاتی تبدیلیاں انسانی برداشت سے باہرہوتی جارہی ہیں اگرہم نے احساس نہ کیاتوہمیں بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔پلانٹ فارپاکستان ڈے ایک نئی صبح کی نوید ہے۔

جس میں صرف ایک دن میں 217386پودے لگائے جارہے ہیں۔جس میں سے سرکاری جنگلات میں6595،محکمہ تعلیم کے اداوں میں10420،دیگرمحکموں کے زیراہتمام8380،محکمہ لوکل گورنمنٹ 35000،دفاعی اداروں میں130595جبکہ نجی شعبہ میں 26396پودے لگائے جارہے ہیں۔وہ گزشتہ روز پلانٹ فارپاکستان ڈے کے حوالہ سے کمشنرآفس کے لان میں پودالگانے کے بعداظہارخیال کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسرنثارالحق، ایس ڈی اوفاریسٹ محمداسد، محکمہ جنگلات کے افسران واہلکاربھی موجودتھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے عوام پرزوردیاکہ وہ حالات کی نزاکت کوسمجھیں اوراپنے بچوں کیلئے خوشحال پاکستان کی تعمیرمیں کرداراداکریں۔انہوں نے کہاکہ پھل دارپودے بھی کاشت کیے جائیں تاکہ ملک کی مقامی ضرورت کوپوراکیاجاسکے۔ان پھلوں کومعیاری بناکربرآمدات کے ذریعہ بھاری زرمبادلہ بھی حاصل کی جاسکتاہے جبکہ خوشگوارماحول سے صحت پراٹھنے والے بھاری بجٹ میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ درخت اورپودے ادویات کی تیاری میں بھی استعمال ہوتے ہیں جس سے میڈیسن انڈسٹری کوبڑھایاجاسکتاہے۔انہوں نے بعدازاں محکمہ تعلیم کے زیراہتمام ایک روزہ پلانٹ فارپاکستان ڈے کے تحت گورنمنٹ جامع گرلزہائی سکول میں بھی پودالگایا۔جس میں اساتذہ ،محکمہ جنگلات وتعلیم کے افسران ،طالبات کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرسرگودہاملک عظیم اعوان بھی موجودتھے۔اس موقع پرعوام میں آگاہی کیلئے ریلی نکالی ۔طالبات نے ’’ہربشردوشجر‘‘کے بینراٹھارکھے تھے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں