ڈویژن بھر میں انسداد ڈینگی سرگرمیاں جاری ، متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی اس ضمن میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ شروع

جمعرات 27 فروری 2020 17:59

سرگودھا۔27فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) ڈویژن بھر میں انسداد ڈینگی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی اس ضمن میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ جناح ہال کمپنی باغ میںشروع ہوگئی ہے جس کا افتتاح کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کیا ۔ افتتاحی سیشن میں ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ڈاکٹر عاصم الطاف ‘ ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر ذوالفقار علی ‘ ڈائریکٹر سی ڈی سی پنجاب ڈاکٹر شہناز ‘ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر رانا محمد عبداللہ کے علاوہ ڈپٹی کمشنر خوشاب مسرت جبین‘ ڈپٹی کمشنر بھکر عمر چھٹہ سمیت ڈویژن بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز ‘ ڈی ایچ اوز ‘ سی ای اوزہیلتھ اتھارٹی سمیت تمام سرکاری محکموں کے ڈویژنل او رضلعی افسران نے شرکت کی ۔

افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کہاکہ ڈینگی کاخاتمہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے ۔

(جاری ہے)

ہمیںہر گھر میں ہیلتھ ورکرز بنانے ہوںگے تاکہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ کچھ اداروں کی غفلت کے باعث پچھلے سیزن میں صوبہ بھر میں ڈینگی کے توقع سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے لیکن سرگودہا میں اداروں کی بہترین ورکنگ شپ کے باعث صورتحال کنٹرول میں رہی ۔

انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ ایسے مقامات جہاں ڈینگی لاروا کی افزائش ہوسکتی ہے ان کی فہرست از سر نو مرتب کرے ۔ کمشنر نے کہا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو موثر بنانے کیلئے الائیڈ محکموں کے افسران کیلئے تربیت کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے ماحولیات اور میونسپل اداروں سمیت متعلقہ محکموں کو کباڑ خانوں اور ٹائرز کی دکانوں سمیت تمام ایسے مقامات پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی جہاں پر ڈینگی کی افزائش ممکن ہو ۔

تربیتی ورکشاپ سے ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ڈاکٹر عاصم الطاف او رڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر رانا محمد عبداللہ سمیت دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر شہناز نے شرکاء کو جدید تحقیق او رانسداد ڈینگی کے حوالے سے حکومتی اقدامات وترجیحات سے آگا ہ کیا ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں