موجودہ حکمرانوں کے عوام سے وعدے اور دعوے ایک ایک کرکے غلط ثابت ہو رہے ہیں، قمر زمان کائرہ

ڈیڑھ سال میں ہی پاکستانی عوام نے حکمرانوں کے حقیقی اور ظالمانہ چہرے عیاں ہوتے دیکھ لئے حکمران ا حمقوں کی جنت میں زندگی بسر کررہے ہیں انہیں موجودہ صورتحال کی سنگینی کا کوئی احساس نہیں، ان میں اتنی بھی ہمت اور صلاحیت نہیں کہ قومی معیشت کے لئے کوئی اچھا کام کریں،میڈیا سے گفتگو

پیر 17 فروری 2020 23:37

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے موجودہ حکمرانوں کی جانب سے عوام کے ساتھ کئے ہوئے وعدے اور دعوے ایک ایک کرکے غلط ثابت ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی سیالکوٹ کے سینئر رہنما ملک نصیر اعوان کی رہائشگاہ سیالکوٹ ڈیفنس روڈ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سالوں میں ہی پاکستانی عوام نے موجودہ حکمرانوں کے حقیقی اور ظالمانہ چہرے عیاں ہوتے دیکھ لئے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی ایجنسیوں اور اداروں نے ملک کی خراب معاشی حالت پر تشویش کا اظہار کیا ہے لیکن حکمران ا حمقوں کی جنت میں زندگی بسر کررہے ہیں اور انہیں موجودہ صورتحال کی سنگینی کا کوئی احساس نہیں۔

(جاری ہے)

قمر الزمان کائرہ نے الزام لگایا کہ حکمرانوں نے ڈیڑھ سال گزارنے کے باوجود ماضی کی حکومتوں کو پاکستان کی معاشی حالت کا ذمہ دار ٹھہرایا لیکن ان میں اتنی بھی ہمت اور صلاحیت نہیں کہ وہ قومی معیشت کے لئے کوئی اچھا کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی1993,1988اور2008میں برسراقتدار آئی اور ہر بار انہیں ملک کی معاشی اور معاشرتی حالات ملے لیکن پیپلزپارٹی نے ماضی کی حکومتوں کو کوسنے یا الزام تراشی کرنے کے بجائے ملکی حالات بہتر بنانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے 2013سی2018 تک5ہزار ارب روپے کے حاصل کئے مگر ستم طریفی یہ ہے کہ موجودہ حکمرانوں نی12ہزار ارب روپے سے زیادہ قرض حاصل کیا جو انکے دعوئوں کے منافی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی جانب سے غلط الزام لگاکر قوم کو دھوکہ دیا گیا کہ200بلین ڈالر جو مبینہ طور پر ملک سے لوٹے ہوئے پیسے تھے وہ غیر ملکی بینکوں میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو ہمت کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اس سلسلہ میں اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزیر اعظم عمران خان اپنے ایجنڈے کی تشہیر کے لئے میڈیا کی تعریف کرتے تھے لیکن اب اسکے برعکس عوام کو ٹیلی ویثرن پرخبریں ناسننے اور اخبار نہ پڑھنے کامشورہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تما م حلیف بھی لاکھوں عام لوگوں کی طرح ان سے مطمئن نہیں ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بہت جلد تمام، خزب اختلاف کی جماعتوں کے تعاون سے موجودہ حکمرانوں کے خلاف ملک گیر تحریک چلائے گی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ضرار محمود ملک، سٹی صدر اظہر علی دیال، سٹی جنرل سکریٹری پی پی پی علی نصیر ملک، ملک طاہر اختر اعوان، جاوید بٹ ہیپی اور پی پی پی کے متعدد مقامی رہنما و کارکنان بھی موجود تھے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں