یورپی یونین کے سفیرجین فرینکویس کیویشن کا ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ

منگل 16 اکتوبر 2018 00:06

سیالکوٹ۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیرجین فرینکویس کیویشن نے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ کیا، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ مسعود اختر نے یورپی یونین کے سفیر کا خیر مقدم کیا،صدر چیمبر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کا تجارت،انسانی فلاح، سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، انرجی، ماحولیات، صحت، ٹرانسپورٹ،موسمیات سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مثالی اہمیت کا حامل ہے جس کیلئے ہم یورپی یونین کا شکریہ گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس کے تحت ملنے والی رعایت کے پیش نظر پاکستان کی کل برآمدات کا تقریباً 78فیصد حصہ یورپی ممالک کے ساتھ ہے ، 2013ء میں یورپ کے ساتھ پاکستان کی برآمدا ت کا حجم تقریباً 4.53بلین یورو تھا جو 2017ء میں بڑھ کر 6.69بلین یورو تک پہنچ چکا ہے، گزشتہ4سال کے دوران پاکستان کی یورپ کیلئے برآمدات میں مجموعی طور پر 47.39فیصد اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

صدر چیمبر نے کہاکہ یورپی یونین میں شامل ممالک اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے کاروباری روابط کا ہو نا ضروری ہے،یورپی یونین کے سفیر Jean Francois نے شاندار استقبال پر صدر چیمبر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے سیالکوٹ چیمبر کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس مراعات کو جاری رکھنے کیلئے ضروری مختلف معاہدوں کی پاسداری کیلئے بھر پور کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے اور دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے ایک تجارتی وفد تشکیل دے۔ جس پر صدر چیمبر نے یورپی یونین کے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے درخواست کہ یورپی یونین کی جانب سے بھی ایک وفد کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں