پاک فوج ، یوتھ اسمبلی گلگت بلتستان ،یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کے زیر اہتمام آل گلگت بلتستان نعتیہ و حسن قرات مقابلہ اختتام پذیر ہو گیا

پیر 2 اکتوبر 2023 19:45

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2023ء) پاک فوج ، یوتھ اسمبلی گلگت بلتستان اور یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا آل گلگت بلتستان نعتیہ و حسن قرات مقابلہ اختتام پذیر ہو گیا۔ کیڈٹ کالج سکردو کے طالب علم عمران سالک نے حسن قرات کے مقابلے میں پہلی اور نعتیہ مقابلے میں نرسنگ کالج سکردو کے طالب علم جاوید میر نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

اختتامی تقریب یونیورسٹی آف بلتستان سکردو انچن کیمپس میں ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی برگیڈ کمانڈر برگیڈر فواد قاسم تھے جبکہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان سکردو پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے تقریب کی صدارت کی۔ نعتیہ اور حسن قرات کے مقابلے میں گلگت بلتستان بھر کے کالجوں کے طلبہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

فائنل رانڈ کوالیفائی کرنے والے طلبہ کے مابین مقابلہ انچن کیمپس میں ہوا۔

فائنل مقابلے میں عمائدین علاقہ اور علما نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان سکردو پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کہا کہ سیرت النبی ؓ نجات کا زریعہ ہے۔ ہمیں حضور پاک ؐ کے فرموادت کی روشنی میں زندگی گزارنی پڑے گی۔حضورؐکی سیرت پر چل کر ہی ہم دینا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلتستان سکردو نے محددو وسائل کے اندر رہتے ہوئے ہمیشہ طلبہ کو بہترین سہولیات فراہم کیں ۔

آج جامعہ ہذا کا شمار وطن عزیز کی بڑی جامعات میں ہوتا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی انتھک کاوشوں کی بدولت جامعہ ہذا تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلتستان سکردو سیاحتی فروغ کے لیے بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے، سیاحتی شعبے میں تیس طلبہ کو حکومت چین کی جانب سے سکالر شپ دینے کا وعدہ کیا گیا ہے جبکہ جمز اینڈ منرلز کے شعبے کی بہتری کے لیے بھی جامعہ ہذا اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہیاور ساتھ ہی گلیشیر گرافٹنگ کے حوالے سے منصوبہ جات پر کام ہو رہا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے طلبہ ہر حوالے سے بے مثال ہیں۔ کردار سازی اور ڈسلپن میں گلگت بلتستا ن کے طلبہ کا کوئی ثانی نہیں۔ نوجوان قائد اعظم کے ارشات کی روشنی میں ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کیا جائے۔ چند ماہ بعد یونیورسٹی آف بلتستا ن نئی بلڈنگ میں شفٹ ہو جائے گی تاہم روڈ کی تکمیل نہ ہونے کے باعث مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

اس روڈ کی تکمیل کے لیے متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ کمانڈر 62۔ برگیڈیئر فواد قاسم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کائنات کا عظیم ترین لیڈر محبوب خدا ہیں۔ ہمیں ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ اتحاد اور اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تفرقہ بازی کے خاتمے کے لیے نوجوان اپنا بھر پورکردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔

ملکی ترقی اور سلامتی کے لیے کردار ادا کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ تقریب سے یوتھ اسمبلی گلگت بلتستان کے صدر منظور حسین نقیبی نے بھی خطاب کیا ۔ لیکچرار امتیاز حسین، محمد حسین آزاد اور شاہد حسین آبادی نے نعتیہ مقابلے میں بطور جج اپنے فرائض سر انجام دئیے۔نعتیہ مقابلے میں نرسنگ کالج سکردو کے طالب علم جاوید میر نے پہلی جبکہ پبلک سکول اینڈ کالج کی طالبہ بی بی زہرا نے دوسری اور کیڈٹ کالج سکردو کے طالب علم مبشر نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ حسن قرات کے مقابلے میں کیڈٹ کالج سکردو کے طالب علم عمران سالک نے پہلی ،ڈگری کالج سکردو کے طالب علم نوازش علی نے دوسری اور کیڈٹ کالج سکردو کے طالب علم محمد عدنان نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں