مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف سکھر میں یوم سیاہ منایا گیا

جمعہ 27 اکتوبر 2023 19:45

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2023ء) مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوج کے تسلط کے خلاف سکھر میں یوم سیاہ منایا گیا ۔ کمشنر سکھر ڈویژن سمیع الدین صدیقی کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ سکھر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و جبر کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ کے حوالے سے ریلی نکالی جس میں سرکاری افسران، اساتذہ، طلباء، سول سوسائٹی اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر سکھر فیاض احمد مہیسر، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ اور اسسٹنٹ کمشنر صوبیہ فلک بھی موجود تھے۔ ریلی میں کشمیر کو آزاد کرو، پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن سمیع الدین صدیقی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم بھارتی کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و تشدد کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں، ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، آج کی ریلی کا مقصد دنیا کو بتانا ہے کہ کشمیریوں پر بھارتی حکومت اور بھارتی فوج کے مظالم بند کیے جائیں ، اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کروایا جائے، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔

(جاری ہے)

ہمیں امید ہے کہ اب ظلم کی داستان ختم ہو گی اور کشمیری آزاد ہوں گے، پوری پاکستانی قوم ہر سطح پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گے، آج بھی ہر پاکستانی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کر رہا ہے اور کرتے رہیں گے۔ دیگر شرکاء نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں