پولیو مہم میں غفلت برتنے والوں کو اب مہلت یا وارننگ نہیں دی جائیگی ، کمشنر سکھر

پیر 17 جون 2019 18:48

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) کمشنر سکھر رفیق احمد برڑو نے کہا ہے کہ پولیو مہم میں غفلت برتنے والوں کو اب مہلت یا وارننگ نہیں دی جائیگی، ان کے خلاف سخت کارروائی کریں گے کیوں کہ یہ بچوں کے مستقبل کا سوال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں ڈویزنل ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں گھوٹکی، سکھر اور خیرپور کے ڈپٹی کمشنرز سمیت ڈی ایچ اوز، میڈیکل و پولیس افسران سمیت متعلقہ عملداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر سکھر نے ضلعی و تحصیل سطح پر پولیو مہم کے متعلق ہونے والے اجلاسوں میں محکمہ پولیس و تعلیم کے عملداروں سمیت یوسی سیکریٹری کی جانب سے شرکت نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف اعلیٰ حکام کو رپورٹ فراہم کریں گے کیوںکہ ان کی وجہ سے پولیو مہم کا کام متاثر ہوتا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں پولیو مہم کے متعلق چھوٹے چھوٹے مسائل کو فوری طور پر حل کریں اور جن یوسیز میں کاکردگی بہتر نہیں ان کی روزانہ کی بنیادوں پر رپورٹ فراہم کی جائے۔ انہوں نے ڈی سی سکھر کو ہدایت کی کہ 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیکر پتہ لگایا جائے کہ ضلع سکھر میں پولیو مہم کی خراب کاکردگی کے پیچھے کون سی وجوہات ہیں ۔

انہوں نے تمام ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ ڈویزن میں موجود مستقل ٹرانسٹ پوائنٹوں پر عملے کی حاضری اور پولیو کے قطروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہاں سے گذرنے والے بچے قطروں سے محروم نہ ہوں اور خانہ بدوش بچوں کے اعداد شمار بھی کٹھے کیے جائیں جب کہ رات کے وقت مقرر ملازمین پر کڑی نظر رکھی جائے۔ کمشنر سکھر ڈویزن نے مزید کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ضروری ہے کہ رابطوں کے فقدان کو ختم کیا جائے اس سلسلے میں یوسی سطح پر واٹس ایپ گروپ بنائے جائیں جن میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں