ڈی سی آفس میں ڈومیسائل کا ٹھیکہ لینے والی نجی کمپنی بدمعاشیوں پر اتر آئی ہے، عہدیداران سکھرڈیویلپمنٹ الائنس

جمعرات 21 نومبر 2019 20:33

م سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2019ء) سکھرڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاویدمیمن، مشرف محمود قادری، غلام مصطفی پھلپوٹو اشفاق بھٹی، رضوان قادری،آغا طاہرمغل، شاہ محمد انڈھڑ،شریف ڈاڈا، شکیل قریشی، ظہیر حسین بھٹی، ڈاکٹر سعید اعوان، محمد منیر میمن، آغا محمد اکرم، عبدالباری انصاری ، حسن شہید، حسن قاضی، انیس خان و دیگر رہنمائوں نے مشترکہ بیان میں ایس ڈی اے کے سینئر وائس چیئرمین مولانا عبیداللہ بھٹو پر جھوٹا اور من گھڑت مقدمہ درج ہونے اور بیٹے پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی سی آفس میں ڈومیسائل کا ٹھیکہ لینے والی نجی کمپنی بدمعاشیوں پر اتر آئی ہے، شہریوں سے ڈومیسائل بنوانے کی مد میں لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے شہریوں کی جانب سے اضافی رقم دینے سے انکار پر دھونس اور دھمکیاں دے کر انہیں ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چند روز قبل بھی ایس ڈی اے کے سینئر وائس چیئرمین مولانا عبیداللہ بھٹو سے بھی بیٹے کا ڈومیسائل بنوانے کے دوران زائد رقم طلب کی گئی ہے اور نہ دینے کی صورت میں نجی کمپنی انتظامیہ تلخ کلامی پر اتر کرعبیداللہ کے بیٹے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اب جھوٹے اور من گھڑت الزامات عائد کر کے جھوٹا مقدمہ درج کرایا گیا ہے جوکہ سراسر ظلم و ناانصافی ہے۔

جس کے خلاف باقاعدہ احتجاجی لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے مورخہ 24نومبر بروز اتوار کو ایس ڈی اے کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں کا کام عوام کے مسائل حل کرنا ہے لیکن بدقسمتی سے ادارے عوام کوسہولیات فراہم کرنے کے بجائے مسائل پیدا کر رہے ہیں،انتظامیہ فوری طور پر نجی کمپنی کی لوٹ مار کا نوٹس لیکر نجی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کریں بصورت دیگر اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ انہوں نے آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا کہ ایس ڈی اے رہنما مولانا عبیداللہ بھٹو پر قائم جھوٹا مقدمہ فوری طور پر خارج کر کے پائی جانیوالی بے چینی کا خاتمہ کیا جائے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں