عید الفطر کے بعد عید قربان پر بھی سکھر انتظامیہ کی ناقص کارکردگی ، عید کے تینوں ایام میں صفائی کا عملہ غائب رہا

پیر 3 اگست 2020 17:55

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2020ء) عید الفطر کے بعد عید قربان پر بھی سکھر انتظامیہ کی ناقص کارکردگی ، عید کے تینوں ایام میں صفائی کا عملہ غائب ، گندگی کے ڈھیر اور آلائیشیںسے اٹھنے والی تعفن نے شہریوں کو جینا دوبھر کر دیا ، شہری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ، تفصیلات کے مطابق سکھر انتظامیہ کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث عید الفطر کے بعد عید الاضحی کے ایام بھی شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کا فقدان رہا عید قربان کے تینوں ایام میں صفائی کا عملہ غائب رہنے کی وجہ سے شہر کے مختلف مقامات جیلانی روڈ ، فرئیر روڈ ، جناح چوک ، میانی روڈ ، ڈھک بازار، چوڑی گلی ، گھنٹہ گھر ، مائیکرو کالونی ، مینارہ روڈ ، اسٹیشن روڈ ، ورکشاپ روڈ ، نیو پنڈ ، پرانہ سکھر و دیگر علاقوں اور مین شاہرائوں پر گندگی کے ڈھیر اور آلائیشیں انتظامیہ کی مثالی کارکردگی کو منہ چڑاتی رہی شہریوں کی جانب سے عید قربان کے موقع پر صفائی کے نظام کو بہتر نا بنائے جانے والے عمل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سکھر انتظامیہ شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بلند و بانگ دعوے تو کرتی ہے لیکن افسوس یہ وعدے صرف سفارشی من پسند افراد کے گھروں کے سامنے ہی نظر آتے ہیں گندگی کے ڈھیروں اور آلائیشیوں سے اٹھنے والی تعفن کی وجہ سے شہری بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں لیکن سکھر انتظامیہ کو شہریوں کا کوئی خیال نہیںہے شہری حلقوں نے چیف جسٹس آف پاکستان و دیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کا نوٹس لیکر شہریوںکو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہمی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں