سندھ کے پسماندہ علاقے میں آسمانی بجلی انسانی جانیں نگل گئی

تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے، گھروں کو بھی نقصان پہنچا

muhammad ali محمد علی جمعہ 28 اپریل 2023 22:45

سندھ کے پسماندہ علاقے میں آسمانی بجلی انسانی جانیں نگل گئی
تھرپارکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2023ء) سندھ کے پسماندہ علاقے میں آسمانی بجلی انسانی جانیں نگل گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے پسماندہ علاقے تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق جمعہ کے روز تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے، جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے سندھ نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبے بھرکے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر کو ایمرجنسی پلان مرتب کرنے کی ہدایت کردی ہے۔جاری کردہ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ادویات سمیت عوام کے استعمال کی ضروری اشیا کو اسٹاک کیا جائے طوفانی بارشوں سے سندھ بھر میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے صوبے بھر کے تمام اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 24 گھنٹے تیار رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے 28 اپریل تا یکم مئی تک طوفانی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ میرپور خاص، لاڑکانہ، بدین، سانگھڑ مٹیاری، عمرکوٹ بدین اور قمبر شہداد کوٹ میں طوفانی بارشوں سے طغیانی کا خدشہ ہے اور سندھ کے تمام اضلاع میں ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ مزید کہا کہ ممکنہ طوفانی بارشوں کے دوران سمندر میں طغیانی کے باعث عوام کو جانے سے روکنے کی ہدایت دی گئی طوفانی بارشوں کے دوران عوام غیرضروری طور گھروں سے باہر نہ نکلے بجلی کی کھلی تاروں سے دور رہے۔

طوفانی بارشوں کے دوران انڈر پاسز نشیبی علاقوں میں جانے سے احتیاط برتی جائے۔ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر کوآرڈینیشن سندھ مقصود حسین سومرو کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر کا کنٹرول سسٹم ایکٹیو ہے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر کو اطلاع دی جائے۔

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں