حکومت سندھ تعلیم اور صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،سینٹر کرشنا کماری

جمعہ 20 ستمبر 2019 19:17

تھرپارکر۔ننگرپارکر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) پی پی پی سینٹر کرشنا کماری نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں تعلیم اور صحت کے شعبے اہم ہیں، حکومت سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی ان دونوں شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے خاص طور پر تھرپارکر کے دور افتادہ علاقوں میں صحت کے متعلق مسائل کے حل کے لئے اسپتالوں کی تعمیر اور مرمت کی اسکیموں کا آغاز کیا ہے جو کہ حکومت سندھ کا ایک انقلابی قدم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلقہ نگرپارکر کی یونین کاؤنسل پھیتا پور کے گاؤں چنیدا میں پی پی ایچ آئی کی تعمیر و مرمت ہونے والی بلڈنگ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر کرشنا کماری نے کہا کہ محکمہ صحت کے ساتھ پی پی ایچ آئی تھر کے دور افتادہ علاقہ جات میں بیمارلوگوں کی سہولیات گھروں کی دہلیز پر فراہم کررہی ہے اس موقع پر انہوں نے پی پی ایچ آئی کے ریجنل ڈائریکٹر خلیل احمد سرازکو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ چنیدا کے بنیادی صحت مرکز کو 24گھنٹے مریضوں کے لئے کھلارکھا جائے، اس موقع پر انہوں نے گاؤں کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ خاندانی منصوبہ بندی پر بھی عمل کریں اور اپنے بچوں خاص طور پر بچیوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ارشاد احمد میمن نے خطا کرتے پوئے کہا کہ محکمہ صحت کے ساتھ پی پی ایچ آئی کے صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے مثالی کردار ہے اور مشترکہ کوششوں سے دور افتادہ علاقوں میں عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے گاؤں کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی پیدائش میں وقفہ کریں اور بچوں کی بہتر پرورش اور بہتر مستقبل کے لئے تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے مزید کہا کہ گاؤں میں کوئی مڈل پاس یا میٹرک پاس بچیاں ہوں تو ان کی لسٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرمٹھی کی آفس میں فراہم کی جائے تاکہ ان کو مدوائفری کورس کروایا جاسکے۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی میرپورخاص ڈویڑن کے خلیل احمد سراز نے کہا کہ تھرپارکر ضلع میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تندرست زندگی گزارنے اور احتیاطی تدابیر کے لئے پی پی ایچ آئی کی جانب سے بہتر کردار ادا کیا جارہا ہے کیونکہ عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے پی پی ایچ آئی ہمیشہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تحقیق کرکے لوگوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتات فراہم کرنے مددگار ثابت ہوئی ہے جس کے تنیجہ میں لوگوں کو کافی پیچیدہ بیماریوں سے محفوظ بنایا گیا ہے جو کہ پی پی ایچ آئی کی بڑی کامیابی ہے۔

قبل ازیں سینیٹر کرشنا کماری نے صحت مرکز کا افتتاح کرتے ہوئے مختلف وارڈوں کا معائنہ کیا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی تھرپارکرمرتضیٰ نوناری کی جانب سے استقبالیہ پیش کیا گیا اور پی پی ایچ آئی سینٹر گاؤں چنیدا کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی میرپورخاص قاسم ابراہیم، ڈی ایس ایم بدین فدا حسین لاشاری، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گوردن، تعلقہ اسپتال نگرپارکر کے ڈاکٹر شنکر لال، میڈیکل آفیسر صحت مرکز چنیدا، بیسک ہیلتھ سینٹر چنیدا ڈاکٹر جرویز پال، ڈاکٹر اندارا، پی پی ایچ آئی کے قادر سمیجو، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات غلام رضا کھوسو، اے ڈی راہموں اور دیگر متعلقہ افسران اور گاؤں کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں