کمالیہ میں باراتیوں سے بھری مسافر ویگن بے قابو ہو کر نہر میں جا گری

خواتین بچوں سمیت 10 افراد شدید زخمی‘ 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک‘ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کمالیہ پہنچا دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 جنوری 2024 19:10

کمالیہ  میں باراتیوں سے بھری مسافر ویگن بے قابو ہو کر نہر میں جا گری
کمالیہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری 2024ء ) صوبہ پنجاب کے شہر کمالیہ میں باراتیوں سے بھری مسافر ویگن بے قابو ہو کر نہر میں گرنے سے خواتین بچوں سمیت 10 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق باراتیوں سے بھری ایک مسافر ویگن کمالیہ بائی پاس کے نزدیک بے قابو ہو کر واہگی راجباہ میں گر گئی جس سے 10 افراد شدید زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا اورتھانہ صدر پولیس کمالیہ نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ اس افسوسناک حادثے میں زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ حادثے کے مجموعی زخمیوں میں سے 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، تمام زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کمالیہ پہنچا دیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف کراچی میں شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیا، شادی سے ایک روز قبل اسامہ جاوید نامی نوجوان کو اس کے دوست نے قتل کردیا، اسامہ کی لاش گزشتہ روز عوامی کالونی کورنگی سے برآمد ہوئی، پولیس نے والد کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

مقتول کے والد نے پولیس کو بیان دیا کہ جمعے کی شب بیٹے کے مایوں کے لیے دلہن کے گھر جانا تھا، اسامہ کا دوست طلحہ اسے گھر لینے آیا تھا، دلہن کے گھر سے واپس آئے تو اسامہ گھر پر نہیں تھا، کال کی تو نمبر بند تھا، ہفتے کے دن معلوم ہوا کہ کورنگی دارالعلوم کے پاس کسی نوجوان کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے، ہسپتال میں لاش دیکھی تو بیٹے کو شناخت کر لیا، میرے بیٹے اسامہ کو اس کا دوست طلحہ اپنی کار میں لے کر گیا تھا اسی نے قتل کیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی ہے، گاڑی سے خون کے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں، پولیس حکام نے کہا کہ طلحہ نے دیگر 2 ساتھیوں کے ہمراہ اسامہ کو گولی مار کر قتل کیا تھا، طلحہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جب کہ دیگر 2 ملزمان کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں