ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی میںپو لیو مہم کا افتتاح

جمعہ 19 اپریل 2019 19:26

وہاڑی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور عالم دین علامہ غلام قنبر عسکری نے ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی میں بچوں کوپو لیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ضلع وہاڑی میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 22اپریل سے کیا جائے گا۔جو کہ 5دن تک جاری رہے گی جس میں تین دن روٹین میں انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اور دو دن کیچ اپ ڈے ہوں گے پو لیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ہرصورت پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں پولیو ایک موذی مرض ہے ہمیں اپنے بچوں کو ہر صورت بچاناہے والدین انسداد پولیو ٹیموں سے بچوں کو قطرے پلانے میں تعاون کریں۔

پولیو ٹیمیں پوری محنت ،لگن اور جذبے سے کام کر یں۔

(جاری ہے)

انسداد پولیو مہم کو کامیا ب بنانے کے لئے تمام محکمے متحدہوکر کام کریں۔ضلع وہاڑی کے 5لاکھ 55ہزار ایک سو ستتر بچوں کو1338پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ضلع وہاڑی کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی پولیوٹیمیں بچوں کو قطرے پلانے کے لئے موجود ہوں گی۔پولیو ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی چیک کی جائے گی اور درپیش مسائل کو حل کیا جائیگا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام یونین کونسلز میں پو لیوکے مائیکر و پلان کوکمپیوٹرائزڈ کیا جائے گاتاکہ جس میں تمام علاقوں کا نقشہ واضح ہو سکے اور کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔ انہوں نے مز ید کہا کہ خانہ بدوشوں کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے خصو صی انتظاما ت کئے گئے ہیں اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک ، ڈی ڈی ایچ او ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد فاضل ، چائلڈ سپشلسٹ ڈاکٹر حفیظ احمد ، ڈسٹرکٹ کوارڈینٹر ہیلتھ ڈاکٹر احمد نوازاور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں