پولیس تھانہ لڈن کے خلاف درجنوں مردوخواتین کا احتجاج

ایس ایچ او تھانہ لڈن رائے ساجد نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موضع مٹھاہنجن میں رات کے اندھیرے میں ہمارے گھروں پر ہلہ بول دیا

ہفتہ 20 اپریل 2024 22:34

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) پولیس تھانہ لڈن کے خلاف درجنوں مردوخواتین نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ لڈن رائے ساجد نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موضع مٹھاہنجن میں رات کے اندھیرے میں ہمارے گھروں پر ہلہ بول دیا۔تفصیلات کے مطابق وہاڑی کے نواحی علاقہ موضع مٹھاہنجن کے غریب محنت کشوں اشتیاق حسین، محمد رفیق ،محسن علی ،محمدسعید ،محمدشاہد محمد سلیم ،اللہ رکھا ،محمد کلیم ،محمد یونس ،کلثوم بی بی ،مسرت بی بی نیمردوخواتین کے ہمراہ شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایاکہ پولیس تھانہ لڈن نے رات تاریکی میں ہمارے گھروں پر ہلہ بول دیا اور ہمارے گھروں کو مسمار کردیا جبکہ پولیس نے ہماری خواتین اور بچوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا،دو نئی شادی شدہ دلہنوں کے جہیز کاسامان بھی تہس نہس کردیا پولیس نے گھر میں بندھی بکریوں اور جانوروں پر بھی تشدد کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے گھر کے برتن ،واٹرپمپ اور پانی والی ٹینکی بھی توڑ ڈالی،ہم غریب محنت کش لوگ ہیں ہمارے گھروں کو مسمار کردیا جبکہ گھریلو سامان بھی توڑ پھوڑ ڈالاہے پولیس نے میٹرک کے پریٹیکل دینے والے دو طلباء سمیت چھ افراد کو گرفتار کرلیا۔احتجاجی مظاہرین نے بتایا ان میں سے ایک میٹرک کے طالب علم کا آج پریٹیکل اور دوسرے کا کل پریٹیکل ہے یہ دونوں طالب علم ہارویسٹر کے ذریعے ہونے والی گندم کی کٹائی دیکھ رہے تھے کہ پولیس نے انہیں بھی گرفتار کرلیا اس کے علاوہ پولیس تھانہ لڈن نے چالیس سے زائد مردوخواتین کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔

احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ مقامی زمیندار ناصر حسین ہنجن اور اس کے قریبی رشتہ دار میاں اعجاز حسین ہنجن کے درمیان 100 ایکڑ رقبہ کا تنازعہ چل رہا ہے ہمارا اس تنازعہ سے کوئی تعلق نہیں پولیس نے بلاوجہ ہم پر ظلم کیا ہے،ہمارا جرم صرف اتنا ہے کہ میاں ناصرہنجن ہماری برادری کا ہے جس کو بہانہ بناکر پولیس نے کارروائی کی ہے،متاثرین نے پولیس تھانہ لڈن اور ایس ایچ او لڈن کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او وہاڑی سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیاہے۔

مظاہرین کے الزامات کے حوالہ سے جب ایس ایچ او تھانہ لڈن رائے ساجد سے رابطہ کیاگیا تو اس نے کہاکہ ان مظاہرین کے خلاف گندم چوری، قبضہ کی کوشش، پولیس مزاحمت، پولیس پر فائرنگ، اسلحہ ناجائز کے مقدمات درج ہیں۔اب گرفتاری سے بچنے کے لیے پریس کانفرنس اور احتجاج کر رہے ہیں۔

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں