وزیرآباد، تیز رفتارٹرک اور موٹرسائیکل میں تصادم ،ایک طالبعلم جاں بحق ،دو شدید زخمی

جمعہ 28 جون 2019 23:45

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2019ء) وزیرآبادمیںچٹھہ برج پر تیز رفتارٹرک اور موٹرسائیکل کے تصادم میںایک طالبعلم جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے۔موٹرسائیکل سوار نجی کالج کے طلباء تھے جو سمر کیمپ کلاسز سے واپس گھر جا رہے تھے کہ ڈمپر ٹرک کی زد میں آگئے۔ایک سال میں صلاح الدین چٹھہ اوور ہیڈ برج پر 6 طلباء حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نجی کالج کے تین طلباء دوست سمر کیمپ کے بعد موٹر سائیکل پر اپنے گائوں ساروکی واپس جا رہے تھے کہ چٹھہ برج پر ڈمپر ٹرک نمبر جے وی 354 نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 17سالہ عبداللہ ذوالفقار ولد محمد ذوالفقار موقع پر جان کی بازی ہار گیا ۔ حادثہ میں محمدعثمان ولد محمد یونس اور جہانزیب رانا شدید زخمی ہو گئے جنہیںوزیرآباد ہسپتال میں ابتدائی طبی امدادکے بعد تشویش ناک حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرنوالا منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

زخمی عثمان کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ایک سال کے دوران صلاح الدین چٹھہ اوور ہیڈ برج پر یہ تیسرا حادثہ ہے جس میں چھ طلبا جاں کی بازی ہار چکے ہیں ۔اوور ہیڈ برج پر جا بجا گھڑے پڑے ہوئے ہیں جو حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ جاں بحق ہونے والا عبداللہ والدین کا اکلوتا بیٹا تھا اور سیکنڈ ایئر کا طالب علم تھا۔متوفی کی اچانک موت سے اہلخانہ پر قیامت صغریٰ ٹوٹ پڑی۔ٹرک ڈرائیور مسمی صداقت حادثہ کے فوراًً بعد موقع سے فرار ہو گیا جبکہ کنڈکٹر محمد عارف ولد بنارس ساکن ٹیکسلا کو پولیس نے پولیس حراست میں لے لیا اور ٹرک بھی قبضہ میں لے لیا ۔

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں