ڈکیتی کی واردات،ڈاکو موبائل شاپ سے 40لاکھ کے فون اور 25لاکھ کیش لوٹ کرفرار

واقعہ وزیرآبا د میں جی ٹی روڈ پر پل کے نیچے ایم چائنہ موبائل فونز کی ہول سیل دکان میں پیش آیا، اسلحہ سے لیس 4 ڈاکو دکان میں داخل ہوئے تھے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 23 مارچ 2024 14:15

وزیرآباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 مارچ2024 ئ) جی ٹی روڈ پر واقع موبائل ہول سیل دکان میں ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو 40لاکھ کے موبائل فونز سمیت25لاکھ لوٹ کر فرار ہوگئے،تفصیلات کے مطابق واقعہ وزیرآبا د میں جی ٹی روڈ پر پل کے نیچے ایم چائنہ موبائل فونز کی ہول سیل دکان میں پیش آیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسلحہ سے لیس 4 ڈاکو دکان میں داخل ہوئے اور دکان میں موجود موبائل فونز کو تھیلوں اور کارٹنز میں ڈال کر فرار ہو گئے۔

ڈاکووٴں نے واردات سے پہلے قریب واقعہ برگر پوائنٹ پر بھی فائرنگ کی۔ ڈاکو جاتے ہوئے دکان کے شٹر بھی بند کر گئے جبکہ پولیس واردات کے آدھا گھنٹہ بعد موقع پر پہنچی۔پولیس کی جانب سے موقع واردات کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ڈاکووٴں تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔دکان کے مالک کا کہنا ہے کہ ڈاکو 25 لاکھ روپے کیش اور 40 لاکھ روپے کے موبائلز لوٹ کر فرار ہوئے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل کراچی میں ڈاکو نجی بینک کے ملازم سے 50لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے تھے۔بتایا گیا ہے کہ نجی بینک کا ملازم اکیلا ہی پورٹ قاسم کے قریب واقعہ بینک کی اے ٹی ایم مشین میں پیسے رکھنے جا رہاتھا کہ کچھ فاصلے پر بن قاسم کٹ کے قریب کار سوار 4 ڈاکوﺅں نے اس سے رقم سے بھرا ہوا تھیلا چھین لیا جس میں 50 لاکھ روپے نقد موجود تھے جبکہ جس مقام پر واردات ہوئی وہاں پر پولیس کو سی سی ٹی وی کیمرے نہیں ملے تھے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او بن قاسم کا کہنا تھا کہ ہماری واضح ہدایات کے باوجود بینک کاملازم اکیلے ہی پیسے لیکر اے ٹی ایم مشین میں رکھنے چلا گیا جبکہ ہم نے تمام بینکوں کوہدایات جاری کی ہوئی ہیں کہ اگر بینک سے پانچ لاکھ سے زائد نقدی منتقل کرنی ہوتو پولیس کو لازمی بتایاجائے تاکہ سیکورٹی کامناسب بندوبست کیا جاسکے۔پولیس کامزید کہنا تھا کہ جس جگہ واردات ہوئی ہے وہاں کے علاقے میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں کہ ڈاکوواردات کے بعد کدھر فرار ہوئے تھے۔

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں