ترکی سے یونان جاتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 19 تارکین وطن جاں بحق

پیر 1 جولائی 2019 23:11

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2019ء) ترکی سے یونان جاتے ہوئے بارڈر کے قریب سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 19 تارکین وطن جاں بحق ہوگئے ۔ دس افراد موقع پر اور 9ہسپتال میں جاں بحق ہوئے۔16افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔فائرنگ کے نتیجے میں کوچ بے قابوہوکر ایک عمارت سے جا ٹکرائی تھی۔جاں بحق ہونے والوں میں دس پاکستانی ہیں۔

5افراد کی شناخت ہو گئی ہے ۔مرنے والوں میں علی پور چٹھہ،کامونکی، سوہاوہ (منڈی بہاء الدین)،چک ظاہر (منڈی بہاء الدین) اور ڈنگہ کے رہائشی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق علی پور چٹھہ کا رہائشی 23سالہ علی مرتضیٰ بہتر مستقبل کی تلاش میں 3سال قبل ترکی گیا تھا اور ترکی میں ہی مقیم تھا۔ ترکی سے یونان جانے کے لئے دیگر پاکستانیوں کے ہمراہ کوچ میں سوارہو کر جا رہاتھا۔

(جاری ہے)

کوچ میں ضرورت سے زیادہ مسافر سوار تھے۔بارڈر کراس کرنے کے دوران سیکیورٹی اہلکار وں کے آتے ہی کو چ کا ڈرئیور خوفزدہ ہو گیا ۔سیکیورٹی گارڈ نے کوچ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 10پاکستانی موقع پر جاںبحق جبکہ 25دیگر زخمی ہو گئے ۔9زخمیوں نے ہسپتال میں دم توڑ دیاجبکہ 16زخمی زیرعلاج ہیں۔ کوچ بے قابو ہوکر ایک عمارت سے جا ٹکرائی تھی۔مرنے والوں میں سے 5نوجوانوں کی شناخت ہو گئی ہے جن میں علی مرتضیٰ کاتعلق وزیرآباد کے نواحی قصبہ علی پور چٹھہ سے، کامونکی کا قدیر علی،منڈی بہاء الدین کے نواحی مواضعات سوہاوہ کے عثمان اور چک ظاہر کا عزیز احمد اور ڈنگہ ضلع گجرات کا وقار احمد شامل ہیں۔

جاں بحق ہونے والوں کی اطلاع ترکی میں موجود ان کے ہم پیشہ ساتھیوں نے ان کے والدین کو ٹیلی فون پر دی تاہم ابھی نعشوں کی واپسی کا کوئی شیڈول سامنے نہیں آیا ہے۔

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں