Sehat Saholiyat K Liye Taraste Awam

صحت سہولیات کیلئے ترستے عوام۔۔۔؟؟

منگل 4 فروری 2020

 Nasir Alam

ناصرعالم

جس طرح سوات کے عوام زندگی کی دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اسی طرح وہ سرکاری سطح پر صحت کی سہولیات سے بھی محروم چلے آرہے ہیں،اس ضمن میں ہر حکومت نے متعددوعدے اور دعوے کئے مگر انہیں عملی جامہ نہیں پہنایا اگر چہ سوات میں جدیدسہولیات سے آراستہ وپیراستہ ہسپتال موجود ہیں مگر ان سے مقامی لوگ مستفید نہیں ہوسکتے وہ آج بھی پرائیویٹ طورپر علاج معالجہ اورخصوصاََپرائیویٹ لیبارٹریوں سے مختلف ٹیسٹ کرانے پر مجبورہیں،سوات کے دارالخلافہ سیدوشریف میں دوبڑے ہسپتال موجود ہیں جہاں پرجانے والے اوریا زیر علاج مریضوں کو پھر بھی پرائیویٹ لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کرانے کیلئے کہاجاتا ہے ،ادھرمقامی لوگ کہتے ہیں کہ ہسپتال کے سٹور میں موجود ادویات سٹور ہی میں پڑی رہتی ہیں وہاں سے غریب مریضوں کو کسی قسم کی دوانہیں دی جاتی ،ابھی حال ہی میں سیدو شریف ہسپتال کی پرانی آئی سی یو سے کچھ فاصلے پر نیاہسپتال بھی کھولاگیا ہے جو جدیدسہولیات سے آراستہ ہے مگر اس ہسپتال میں زیادہ تر میڈیکل کے طلبہ پریکٹس کرتے نظر آرہے ہیں بلکہ ایک طرح سے اس نئے ہسپتال کو میڈیکل کے طلبہ کے حوالے کردیا گیا ہے جس پر عوام نے تشویش کا اظہارکیا ہے،اسی طرح سنٹرل ہسپتال میں قائم کیجولٹی میں بھی ادویات موجود نہیں جبکہ یہاں پر بھی قدم قدم پرمیڈیکل کے طلبہ ہی نظر آتے ہیں،دوسری جانب لیبارٹری ہے جہاں پر اگر ایک طرف بیک وقت سینکڑوں لوگ مختلف ٹیسٹ کراتے نظر آرہے ہیں تو دوسری طرف بیشتر مریضوں کو باہر سے ٹیسٹ کرانے کیلئے کہاجاتاہے ،اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ ہسپتال کی لیبارٹری میں وہ جدید سہولیات یا مشنری موجود نہیں جو پرائیویٹ لیبارٹریوں میں موجود ہیں اس لئے انہیں مجبوراََ باہر کی لیبارٹیوں میں بھیجا جاتا ہے،اس کے علاوہ لیبر روم اور نرسری وارڈخستہ حالی کا شکار ہیں جہاں پر نہ تو صفائی ستھرائی کا کوئی انتظام ہے اور نہ ہی دیگر طبی سہولیات کا نام ونشان نظر آتا ہے جس کے سبب مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے،نرسری وارڈ نومولود بچوں کے علاج معالجہ کیلئے ہوتا ہے جہاں پر انہیں دیگر طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ شعاعیں بھی دی جاتی ہیں مگر یہ وارڈانتہائی بدحالی کا شکار ہے، اس حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق سنٹرل ہسپتال سیدوشریف کے نرسری وارڈکی خستہ حال عمارت کسی بھی وقت زمین بوس ہوکر بچوں کی موت کا سبب بن سکتی ہے،جدیدطبی سہولیات سے محروم اس وارڈ میں بیک وقت درجنوں بچے زیر علاج رہتے ہیں مگر ان کے والدین یا دیگر تیمارداروں کے بیٹھنے کیلئے کوئی انتظام نہیں جوکرایہ پر چارپائی لینے پر مجبور ہیں اس وارڈ کے سٹاف کا رویہ بھی نامناسب ہے،آئی سی یو کی طرح نرسری بھی ایک حساس وارڈ ہے مگر اس میں مریضوں کو کسی قسم کی سہولت میسر نہیں ، سنٹرل ہسپتال سیدو شریف میں موجود نرسری وارڈبھوت بنگلہ بن گیا ہے ،ملاکنڈڈویژن کی سطح پر موجودواحدنرسری وارڈ میں نومولود بچوں کو شعاعیں دینے کیلئے رکھا جاتا ہے جہاں پر زیر علاج بچوں کے والدین کے بیٹھنے کیلئے کسی قسم کی جگہ یا سہولت موجود نہیں یہی وجہ ہے کہ دور دراز سے لائے جانے والے مریض بچوں کے والدین کو یہاں پر کرایہ پر چارپائیاں حاصل کرکے رہنا پڑتاہے ،یہاں پرپینے کیلئے پانی اوربیٹھنے کیلئے جگہ کی سہولت موجود نہیں ،مقامی لوگ کہتے ہیں کہ حکومت عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے دعوے تو بہت کررہی ہے مگر سیدو نرسری وارڈ حکومت کے ان دعوؤں کو غلط ثابت کررہاہے ،پہلی نظر میں اس وارڈ کی بلڈنگ پر آثارقدیمہ یا بھوت بنگلے کا گمان گزرتا ہے جو انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے اورہروقت اس کے زمین بوس ہونے کاخدشہ موجود رہتاہے باالفاظ دیگر اس وارڈ میں زیر علاج بچوں اورڈیوٹی پر موجود سٹاف کے سروں پر ہروقت خطرے کے سائے منڈلاتے نظر آتے ہیں،اس کے علاوہ زیرعلاج بچوں کے والدین کے ساتھ عملہ کا رویہ بھی نامناسب ہے جس کے سبب انہیں شدید پریشانی کا سامنا رہتاہے ،سوات کے دیگر ہسپتالوں کا بھی یہی حال ہے جس کے سبب آنے والے اور یا لائے جانے والے مریضوں کے ساتھ ساتھ ان کے تیمارداروں اور رشتہ داروں کو بھی شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتاہے ، مقامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈویژن بھر کے تمام ہسپتالوں میں نرسری وارڈ کاقیام عمل میں لائے جبکہ سنٹرل ہسپتال میں موجود نرسری وارڈ کیلئے نئی عمارت کا انتظام کرکے اسے تمام تر جدیدطبی سہولیات کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات اٹھانے سمیت عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ لوگوں کی مشکلات اور پریشانیوں میں کمی آسکے۔


ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

Urdu Column Sehat Saholiyat K Liye Taraste Awam Column By Nasir Alam, the column was published on 04 February 2020. Nasir Alam has written 64 columns on Urdu Point. Read all columns written by Nasir Alam on the site, related to politics, social issues and international affairs with in depth analysis and research.

سوات کے مزید کالمز :