ورلڈ ہاکی لیگ میں بدترین شکست ، شکست کی وجہ مالی مسائل اور تربیت کیلئے درکار سہولیات کا فقدان تھا، کوچ شہناز شیخ

جمعرات 9 جولائی 2015 12:14

ورلڈ ہاکی لیگ میں بدترین شکست ، شکست کی وجہ مالی مسائل اور تربیت کیلئے درکار سہولیات کا فقدان تھا، کوچ شہناز شیخ

اسلام آباد () قومی ہاکی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ نے ورلڈ ہاکی لیگ میں بدترین شکست کی وجوہات پر مبنی رپورٹ انکوائری کمیٹی میں پیش کر دی جس میں شکست کی وجہ مالی مسائل اور تربیت کیلئے درکار سہولیات کا فقدان قرار دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کی بدترین شکست کی وجوہات جاننے کیلئے قائم چھ رکنی کمیٹی کا اجلاس سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ اعجاز چودھری کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہوا ۔

کمیٹی اراکین کرنل مدثر اصغر ، اولمپیئن شہباز سینئر ، اولمپیئن خواجہ جنید ، خالد محمود اور ڈاکٹر اختر نواز نے شرکت کی ۔ قومی ہاکی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ نے شکست کی وجوہات پر مبنی رپورٹ کمیٹی کو پیش کی جس میں بتایا گیا ہے کہ شکست کی وجہ مالی مسائل اور تربیت کیلئے درکار سہولیات کا نہ ہونا ہے ، شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ فنڈز نہ ہونیکی وجہ سے 120 دن کا ٹریننگ پروگرام 54 دن میں بند کرنا پڑا ، قومی ہاکی ٹیم کے گول کرنے کی شرح 20 فیصد رہی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن کمیٹی شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر بہت افسردہ ہیں ، جب تک اولمپینز مل کر بہتری کیلئے اقدامات نہیں کرینگے تب تک ہاکی بہتر نہیں ہو سکتی ، ابھی بھی پاکستان کی ہاکی مری نہیں ہے ، بہتر اقدامات سے پاکستان میں ہاکی کو بہتر کیا جا سکتا ہے ۔ کوچ شہناز شیخ نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کو قومی کھیل ہاکی کی حالت زار کا چھ ماہ پہلے نوٹس لینا چاہیئے تھا ، مالی نفسیاتی مسائل نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو متاثر کیا ، چیمپینز ٹرافی میں فیڈریشن نے فنڈنگ نہیں دی ، کھلاڑیوں کو مالی طور پر مستحکم کیا جائے تو یہ ٹرافی لے کر آئیں گے ۔ کمیٹی اجلاس کا دوسرا دور شام چار بجے دوبارہ ہوگا ۔

وقت اشاعت : 09/07/2015 - 12:14:31