سہیل تنویر نے آسٹریلوی بگ بیش لیگ کھیلنے کے لیے پر تولنے شروع کر دیئے

پیر 17 اپریل 2017 21:34

سہیل تنویر نے آسٹریلوی بگ بیش لیگ کھیلنے کے لیے پر تولنے شروع کر دیئے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اپریل2017ء) ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں ناقص کاکردگی کے باعث شدید تنقید کا نشانہ بننے والے فاسٹ بالر سہیل تنویر نے آسٹریلوی بگ بیش لیگ کھیلنے کے لیے پر تولنے شروع کر دیئے ہیں۔32سالہ فاسٹ بالر نے 2015میں میلبورن رینیگیڈز سے معاہدہ کیا تھا تاہم ورلڈ کپ 2015کے سکواڈ میں ممکنہ شمولیت کے باعث وہ بگ بیش نہیں کھیل سکے۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کیخلاف حالیہ سیریز کے 3میچز میں محض2شکار کرنے کے باعث تنقید کا نشانہ بننے والے سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ ناقدین کو ان کی انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کیخلاف حالیہ شاندار پرفارمنسز کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیئے۔سہیل تنویر کیربیئن پریمیئر لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور رواں سال گیانا ایمزون واریئرز کے لیے کھیلتے نظر آئیں گے۔انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کی تھی اور 10وکٹوں کے ساتھ فرنچائز کے کامیاب ترین بالر رہے تھے۔2008میں انڈین پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں سہیل تنویر اس سال کی چیمئپن راجستھان رائلزکے لیے کھیلتے ہوئے سیزن کے بہترین بالر قرار پائے تھے۔
وقت اشاعت : 17/04/2017 - 21:34:28