مصباح الحق دنیا کے 12ویں کامیاب ترین کپتان بن گئے

بدھ 26 اپریل 2017 20:13

مصباح الحق دنیا کے 12ویں کامیاب ترین کپتان بن گئے
جمیکا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26اپریل ۔2017ئ) ٹیسٹ کپتان مصباح الحق 25ویں ٹیسٹ فتح حاصل کرنے کے ساتھ ہی دنیا کے 12ویں کامیاب ترین کپتان بن گئے ہیں ، 42سالہ مصباح الحق پہلے ہی خود کو کامیاب ترین پاکستانی کپتان کی حیثیت سے رجسٹرڈ کرواتے ہوئے اس فہرست میں عمران خان، جاوید میانداد اور وسیم اکرم جیسے کپتانوں سے آگے نکل چکے ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کے کامیاب ترین کپتان جنوبی افریقہ کے گریم سمتھ ہیں، جنہوں نے ریکارڈ 53ٹیسٹ بطور کپتان جیتے، دوسرا نمبر 48فتوحات کے ساتھ آسڑیلیا کے رکی پونٹنگ کا ہے جبکہ ان ہی کے ہم وطن سٹیووا 41کامیابیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

کامیاب ترین کپتانوں کی فہرست میں چوتھا نمبر ویسٹ انڈیز کے کلائیو لائیڈ کا ہے،جنہوں نے 36ٹیسٹ جیتے، آسڑیلیا کے ایلن بارڈر 32کامیابیوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ 28فتوحات کے ساتھ نیوزی لینڈ کے اسٹیشن فلیمنگ کا اس فہرست میں چھٹا نمبر ہے۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کے سر ویوین رچرڈز، جنوبی افریقہ کے آنجہانی ہنسی کرو نئے اور بھارت کے مہندرا سنگھ دھونی نے بطور کپتان 27ٹیسٹ جیتے، کامیاب ترین کپتانوں کی فہرست میں دسواں نمبر آسڑیلیا کے مارک ٹیلر کا ہے، مارک ٹیلر اور انگلینڈ کے مائیکل وان نے 26ٹیسٹ بطور کپتان جیتے اور اب کامیاب ترین کپتانوں کی اس فہرست میں مصباح الحق 25کامیابیوں کے ساتھ 12ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

وقت اشاعت : 26/04/2017 - 20:13:30