اکیڈمیزکے ذریعے بھی بہترین نوجوان کھلاڑی سامنے آنے کی توقع ہے، سیکرٹری سکواش فیڈریشن

بدھ 24 مئی 2017 13:04

اکیڈمیزکے ذریعے بھی بہترین نوجوان کھلاڑی سامنے آنے کی توقع ہے، سیکرٹری سکواش فیڈریشن
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل طاہر سلطان نے کہا ہے کہ سکواش کی اکیڈمیزکے ذریعے بھی بہترین نوجوان کھلاڑی سامنے آنے کی توقع ہے۔ گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں چار سکواش کی اکیڈمیز کام کر رہی ہیں جن میں اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کراچی شامل ہیں ان اکیڈمیز میں کھلاڑیوں کو بھر پور تربیت دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے بھی ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی جونیئر سکوائش چیمپین شپ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ مصحف علی سکوائش کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے اور تربیتی کیمپ میں چھ کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں جن میں مہران جاوید، عباس زیب حارث اقبال، منصور زمان، ذیشان زیب اور عبدالمالک شامل ہیں ان کھلاڑیوں کو چار کوچز تربیت دے رہے ہیں جن میں فضل شاہ، فہیم گل، آصف خان اور امجد خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی جونیئر سکوائش چیمپن شپ رواں سال 19 سی28 جولائی تک نیوزی لینڈ میں کھیلی جائے گی جس میں دنیا بھر سے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے چنائو کے سلسلہ میں ٹرائلز منعقد ہوئے جس میں 13 نامور جونیئر کھلاڑیوں نے شرکت کی جس میں عباس زیب، منصور زمان، ذیشان گل، مہران جاوید، حارث اقبال، سیف اللہ، محمد علی، عبدالقادر، عبدالمالک، محمد فرقان، عزیز رشید، ذیشان زیب اور ذیشان ملک شامل تھے۔

انہوں نے کہاکہ ٹرائلز میں سے 6 باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیاگیا جس میں سے 4 کھلاڑی مہران جاوید، عباس زیب حارث اقبال اور منصور زمان کو ایونٹ کیلئے بھجوائیں گے جبکہ دو کھلاڑیوں ذیشان زیب اور عبدالمالک کو سٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ قومی ٹیم عالمی جونیئر سکوائش چیمپین شپ میں قومی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی سلیکشن ہمیشہ میرٹ کی بنیاد پر ملک و قوم کے مفاد کو مدد نظر رکھا کر کی جاتی ہے اور کسی بھی کھلاڑی کو سفارش پر منتخب نہیں کیا جاتا بلکہ کھلاڑیوں کے درمیان ٹرائلز میچز کروائے جاتے ہیں اور پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر چیف آف ایئر سٹاف ائیر مارشل سہیل امان کی بھی یہ ہی خواہش ہے کہ کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر ہو۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے بلکہ ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
وقت اشاعت : 24/05/2017 - 13:04:47