چیمپئنز ٹرافی فائنل، پاکستان نے بھارتی سورماﺅں کو دھول چٹا دی

اتوار 18 جون 2017 15:23

چیمپئنز ٹرافی فائنل، پاکستان نے بھارتی سورماﺅں کو دھول چٹا دی
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18جون۔2017) پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017ءکا ٹائٹل جیت لیا ۔ لندن کے کیننگٹن اوول میں کھیلے جا رہے چیمپئنز ٹرافی کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستانی بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت بھارت کو جیت کیلئے 339 رنز کا ہدف دیا،بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا تاہم اننگز کی تیسری ہی گیند پر محمد عامر نے روہت کو پویلین واپس بھیج کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی جس کے بعد ویرات کوہلی بیٹنگ کیلیے آئے۔

اظہر علی نے تیسرے اوور کی تیسری گیند پر کوہلی کا کیچ گرادیا لیکن محمد عامر نے اگلی ہی گیند پر ایک بار پھر شاندار ڈیلیوری کرکے ویرات کی اننگز کا خاتمہ کیا۔تیسری وکٹ کیلیے یووراج سنگھ نے شیکھر دھون کا ساتھ دیا اور 27 رنز کی شراکت قائم کی لیکن محمد عامر نے بھارتی بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور بظاہر سیٹ دکھائی دینے والے شیکھر دھون کو بھی 21 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

(جاری ہے)

ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد بھارت ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، یووراج سنگھ اور ایم ایس دھونی نے چوتھی وکٹ کیلیے 21 رنز کی شراکت قائم کی لیکن نوجوان سپنر شاداب خان نے یووراج سنگھ کو 22 رنز پر آﺅٹ کیا۔اگلے ہی اوور میں قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے ستارے حسن علی نے دھونی کی اننگز کا خاتمہ کرکے بھارت کی آخری امید بھی ختم کردی۔ہارک پانڈیا نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے شاداب خان لگاتار 3 اور فخر زمان کو 2 چھکے رسید کرکے بھارتی ڈریسنگ روم میں کچھ امید پیدا کردی لیکن جڈیجا کی غلط کال پر وہ رن آﺅٹ ہوگئے تاہم وہ 43 گیندوں پر 6 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیل کر آﺅٹ ہوئے ،پانڈیا کو رن آو¿ٹ کروانے کے بعد روینڈرا جڈیجا خود بھی زیادہ اچھی کارکردی نہ دکھاسکے اور 15 رنز پر آﺅٹ ہوگئے جبکہ روی چندر ایشون بھی 1 رن کے مہمان ثابت ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے روہت شرما، ویرات کوہلی اور شیکھر دھون کی اننگز کا خاتمہ کیا، حسن علی نے ایم ایس دھونی، بھمراہ اور ایشون کی اننگز کا خاتمہ کیا جب کہ شاداب خان یووراج سنگھ اور کیردار جادیو کی وکٹ لینے میں کامیاب رہے اور جنید خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔اننگز کے بعد بات کرتے ہوئے پاکستان کے سنچری میکر فخر زمان کا کہنا تھا کہ کل پریکٹس کے بعد خود کو فٹ محسوس نہیں کررہا تھا لیکن ٹیم منیجمنٹ نے مجھے سپورٹ کیا جب کہ بھارت کےخلاف اننگز بہت انجوائے کیا اور اپنا نیچرل گیم کھیلا۔

کیریئر کی پہلی سنچری بنانے پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔سیریز میں 13 وکٹیں حاصل کرنے پر نوجوان باﺅلر حسن علی کو مین آف دی سیریز سے نوازا گیا۔دوسری جانب پاکستان کی جانب سے پہلی بار چیمپئنزٹرافی کا ٹائٹل جیتنے کے بعد آئی سی سی کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا کہ آج پاکستان نے کرکٹ کے تینوں بڑے ٹائٹل اپنے نام کرلیے۔واضح رہے بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے راو¿نڈ میچ میں پاکستان کو شکست دے دوچار کیا تھا۔

۔اس سے قبل بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے پچھلے 3 میچوں میں عمدہ آغاز فراہم کرنے والے فخر زمان اور اظہر علی نے اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا اور فائنل میچ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ذمہ دار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ایک لمبے عرصے کے بعد مسلسل دوسری اوپننگ سنچری شراکت قائم کی۔

اس دوران دونوں اوپننگ بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں،پاکستان کو پہلا نقصان 128 کے مجموعی سکور پر ہوا جب اظہر علی بدقسمتی سے 59 رنز پر رن آﺅٹ ہوگئے تاہم فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے بابراعظم کےساتھ ملکر 72 رنز کی شراکت قائم کی۔فخر زمان نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد مزید جارحانہ انداز اپنایا اور گراﺅنڈ کے چاروں اطراف شاندار سٹروکس کھیلتے ہوئے اپنی پہلی سنچری مکمل کی جب کہ وہ 106 گیندوں پر 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 114 رنز کی اننگز کھیل کر آﺅٹ ہوئے۔

بابر اعظم اور شعیب ملک نے تیسری وکٹ کیلئے 47 رنز جوڑے لیکن شعیب ملک بھونیشورکمار کی گیند پر غلط شارٹ مارتے ہوئے کیچ دے بیٹھے، وہ صرف 12 رنز ہی بناسکے جس کے بعد محمد حفیظ نے بابر اعظم کا ساتھ دیا لیکن کچھ ہی لمحوں بات بابراعظم 46 رنز کی اننگز کھیل کر یووراج سنگھ کو کیچ دے بیٹھے۔اختتامی اوورز میں محمد حفیظ اور عماد وسیم نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراﺅنڈ کے چاروں اطراف شاندار چھکے رسید کیے۔

بھارت کے دونوں ٹاپ سپنرز روینڈرا جدیجا اور روی چندرن ایشون مہنگے بولر ثابت ہوئے اور دونوں کے حصے میں کوئی وکٹ نہیں آئی جب کہ بھنیشور کمار، ہاردک پانڈیا اور کیدار جادیو کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔واضح رہے بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے راونڈ میچ میں پاکستان کو شکست دے دوچار کیا تھا۔
وقت اشاعت : 18/06/2017 - 15:23:24