افغانستان اور آئرلینڈ کو آئی سی سی اجلاس میں ٹیسٹ اسٹیٹس دیئے جانے کا امکان

افغان بورڈ میں ایک کمیٹی اس معاملے پر اپنا کام کر رہی ہے اور جلد ہی آئی سی سی کو اپنی سفارشات پیش کرے گی،عاطف مشعال

پیر 19 جون 2017 16:40

افغانستان اور آئرلینڈ کو آئی سی سی اجلاس میں ٹیسٹ اسٹیٹس دیئے جانے کا امکان
کابل، بیلفیسٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2017ء) دنیائے کرکٹ کی دو ابھرتی ہوئی ٹیموں افغانستان اور آئرلینڈ کو لندن میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ٹیسٹ اسٹیٹس دیے جانے کا امکان ہے۔ رواں سال فروری میں آئی سی سی نے اپنے ایک اجلاس میں اصولی طور پر رضامندی ظاہر کی تھی کہ عالمی کرکٹ میں ابھرتی ہوئی ٹیموں افغانستان اور آئر لینڈ کو آئی سی سی میں مستقل رکنیت دی جاسکتی ہے جو رکنیت کے معیار سے مشروط ہے۔

آئر لینڈ میں کرکٹ کے کھیل کو چلانے والا ادارے کرکٹ آئرلینڈ کو امید ہے کہ انہیں آئی سی سی میں مستقل رکنیت حاصل ہوجائے گی۔دوسری جانب افغانستان کرکٹ بورڈکے سربراہ عاطف مشعال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ افغان بورڈ میں ایک کمیٹی اس معاملے پر اپنا کام کر رہی ہے اور جلد ہی آئی سی سی کو اپنی سفارشات پیش کرے گی اور امید ہے کہ افغانستان کو آئی سی سی میں مستقل رکنیت اور ٹیسٹ اسٹیٹس مل جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس بات کا تعین نہیں کر سکتے کہ افغانستان کو مستقل رکنیت اور ٹیسٹ ٹیم کا درجہ کب حاصل ہوگا کیونکہ یہ آئی سی سی کے ہاتھ میں ہے۔واضح رہے کہ کرکٹ کے کھیل میں شامل اہم ملکوں میں افغانستان برطانوی راج کا حصہ نہیں رہا، بلکہ افغانستان میں کرکٹ کا کھیل 1980 اور 1990 کی دہائی میں اس وقت متعارف ہوا جب سویت جنگ کے سبب افغان پناہ گزین پاکستان آئے اور یہاں پر کرکٹ کھیلنا شروع کیا۔

سابق پاکستانی کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے افغانستان کو ٹیسٹ اسٹیٹس کا حقدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی کارکردگی کرکٹ کے میدان میں اچھی ہے اور جیسے ہی اس ٹیم کو ٹیسٹ اسٹیٹس مل جائے گا، اس میں مزید بہتر کھلاڑی آنا شروع ہوجائیں گے جیسا کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ ہوا تھا۔انہوں نے آئی سی سی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا یہ آئی سی سی کا صدی کا سب سے بہترین فیصلہ ہوگا۔

کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ افغانستان اور آئر لینڈ کو ٹیسٹ اسٹیٹس دینے کا فیصلہ قبل از وقت ہوگا کیونکہ اگر بنگلہ دیش کی ٹیم پر نظر ڈالی جائے تو انہیں اب تک ٹیسٹ میچوں میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، دوسری جانب نیوزی لینڈ کو بھی اپنا پہلا ٹیسٹ جیتنے میں 26 سال کا عرصہ لگ گیا تھا۔افغانستان کرکٹ ٹیم اس وقت ون ڈے کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں دسویں نمبر پر موجود ہے جبکہ آئرلینڈ بارہویں نمبر پر ہے، دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں افغانستان اس وقت نویں نمبر پر موجود ہے جبکہ آئرلینڈ اتنے ہی نمبر دور یعنی اٹھارہویں نمبر پر ہے۔
وقت اشاعت : 19/06/2017 - 16:40:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :