افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کا امکان

افغان بورڈ میں ایک کمیٹی اس معاملے پر اپنا کام کر رہی ہے اور جلد ہی آئی سی سی کو اپنی سفارشات پیش کرے گی ،ْ سربراہ افغان کرکٹ بورڈ افغانستان کی کارکردگی کرکٹ کے میدان میں اچھی ہے اور جیسے ہی اس ٹیم کو ٹیسٹ اسٹیٹس مل جائے گا، راشد لطیف

پیر 19 جون 2017 22:40

افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کا امکان
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) دنیائے کرکٹ کی دو ابھرتی ہوئی ٹیموں افغانستان اور آئرلینڈ کو لندن میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس میں ’ٹیسٹ اسٹیٹس‘ دئیے جانے کا امکان ہے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق رواں سال فروری میں آئی سی سی نے اپنے ایک اجلاس میں اصولی طور پر رضامندی ظاہر کی تھی کہ عالمی کرکٹ میں ابھرتی ہوئی ٹیموں افغانستان اور آئر لینڈ کو آئی سی سی میں مستقل رکنیت دی جاسکتی ہے جو رکنیت کے معیار سے مشروط ہے۔

آئر لینڈ میں کرکٹ کے کھیل کو چلانے والا ادارے کرکٹ آئرلینڈ کو امید ہے کہ انہیں آئی سی سی میں مستقل رکنیت حاصل ہوجائے گی۔دوسری جانب افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے سربراہ عاطف مشعال نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ افغان بورڈ میں ایک کمیٹی اس معاملے پر اپنا کام کر رہی ہے اور جلد ہی آئی سی سی کو اپنی سفارشات پیش کرے گی اور امید ہے کہ افغانستان کو آئی سی سی میں مستقل رکنیت اور ٹیسٹ اسٹیٹس مل جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس بات کا تعین نہیں کر سکتے کہ افغانستان کو مستقل رکنیت اور ٹیسٹ ٹیم کا درجہ کب حاصل ہوگا کیونکہ یہ آئی سی سی کے ہاتھ میں ہے۔سابق پاکستانی کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے افغانستان کو ٹیسٹ اسٹیٹس کا حقدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی کارکردگی کرکٹ کے میدان میں اچھی ہے اور جیسے ہی اس ٹیم کو ٹیسٹ اسٹیٹس مل جائے گا، اس میں مزید بہتر کھلاڑی آنا شروع ہوجائیں گے جیسا کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ ہوا تھا۔

انہوں نے آئی سی سی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ آئی سی سی کا صدی کا سب سے بہترین فیصلہ ہوگا۔کرکٹ ماہرین کے مطابق افغانستان اور آئر لینڈ کو ٹیسٹ اسٹیٹس دینے کا فیصلہ قبل از وقت ہوگا کیونکہ اگر بنگلہ دیش کی ٹیم پر نظر ڈالی جائے تو انہیں اب تک ٹیسٹ میچوں میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، دوسری جانب نیوزی لینڈ کو بھی اپنا پہلا ٹیسٹ جیتنے میں 26 سال کا عرصہ لگ گیا تھا۔
وقت اشاعت : 19/06/2017 - 22:40:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :