فاسٹ بائولر بننا چاہتا تھا آسٹریلیوی کپتان سٹیو سمتھ سے متاثر ہو کر سپن بائولنگ شروع کی، شاداب خان

معلوم تھا کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں سلیکٹ ہونے والا ہوں، جو روٹ اور یوراج سنگھ کی وکٹیں لینے پر خوش، بھارت سے جیتنے کا مزا ہی نرالہ ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار باولر کا برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو

منگل 20 جون 2017 23:50

فاسٹ بائولر بننا چاہتا تھا آسٹریلیوی کپتان سٹیو سمتھ سے متاثر ہو کر سپن بائولنگ شروع کی، شاداب خان
اسلام آباد/لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2017ء) قومی کرکٹ ٹیم کے اسپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ سے فاسٹ بولنگ کرنا چاہتا تھے لیکن آسٹریلیا کے کپتان سٹیو سمتھ سے متاثر ہو کر وہ لیگ سپنر بن گئے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو دئے گئے انٹرویو میں شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ ٹیپ بال سے فاسٹ بولنگ ہی کیا کرتا تھا، کلب کے ساتھ کھیلتے ہوئے بھی فاسٹ بولنگ کی لیکن کلب کے صدر نے مجھ سے کہا کہ تم لیگ سپن کیا کرو تو میں نے شروع کردی قومی ٹیم کے اسپنر نے کہا کہ اب وہ سپن بولنگ کے ساتھ خوش ہیں کیونکہ انھیں اللہ نے اسی میں عزت دی ہے۔

شاداب خان انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جانے والی چیمپیئنز ٹرافی کے دوران جو روٹ اور یوراج سنگھ کی وکٹیں لینے پر خوش ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ وہ گائوں میں پڑھائی کرتے تھے لیکن پھر وہ صرف اس لیے راولپنڈی آئے تاکہ ان کے بھائی کرکٹ کھیل سکیں۔شاداب کے بھائی تو کرکٹ نہیں کھیل سکے البتہ قسمت ان پر مہربان ہوئی اور انھوں نے پہلے کلب کی جانب سے کرکٹ کھیلی، پھر انڈر 16، اس کے بعد انڈر 19 اور وہاں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر وہ انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلے۔

وہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان سپر لیگ کے مالکان کی نظر میں آئے اور ان کی ٹیم میں منتخب ہوئے۔یہیس وہ مرحلہ تھا جب ان کی قسمت کا ستارہ چمکنا شروع ہوا اور بلاآخر انھیں پاکستانی ٹیم میں شمولیت کی خوشخبری ملی۔شاداب خان کہتے ہیں'مجھے معلوم تھا میں ٹیم میں سلیکٹ ہونے والا ہوں کیونکہ مجھے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بتایا تھا، اس کے علاوہ اظہر محمود نے بھی مجھے اس بات کا اشارہ دیا تھا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ نے بہت امید دلائی تھی۔

'پاکستان کے سابق سپنر مشتاق احمد کو اپنا استاد ماننے والے شاداب خان کبھی اپنی بولنگ کی وجہ سے مشہور نہیں تھے، ان کی خاصیت پہلے فیلڈنگ پھر بیٹنگ اور آخر میں بولنگ تھی لیکن اب وہ بولنگ کو ہی سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں۔انھوں نے اپنے آئیڈیل سٹیو سمتھ کے بارے میں بتایا کہ سٹیو سمتھ کو دیکھا لیکن انھیں نہیں بتایا کہ میں ان کا مداح ہوں، سوچا جب ان کے ساتھ کھیلوں گا تو بتاں گا اور وہ موقع برطانیہ میں ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ان کی سب سے زیادہ دوستی حسن علی سے ہے کیونکہ ہم دونوں کی نفسیات ایک جیسی ہیں۔ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کے آپس میں مذاق کے قصے سناتے ہوئے شاداب نے بتایا کہ انھیں 'شیڈی' اور حسن علی کو 'چھوٹو' پکارا جاتا ہے۔چیمپینز ٹرافی جیتنے کے بعد انگلینڈ سے وطن واپسی پر ہزاروں پرستاروں کے سائے میں شاداب خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے میچ جیتنے کا مزا ہی اور ہے ملک کا نام روشن کرنے لئے مذید محنت کروں گا تا کہ اچھا کھیل پیش کر کے مذید کامیابیاں سمیٹ سکوں۔
وقت اشاعت : 20/06/2017 - 23:50:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :