ایشین فٹ بال کپ کوالیفائرز، ملائیشیا اور شمالی کوریا کے درمیان میچ سیکیورٹی خدشات کے باعث مسلسل دوسری مرتبہ ملتوی

منگل 11 جولائی 2017 11:24

ایشین فٹ بال کپ کوالیفائرز، ملائیشیا اور شمالی کوریا کے درمیان میچ سیکیورٹی خدشات کے باعث مسلسل دوسری مرتبہ ملتوی
کوالالمپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2017ء) ایشین فٹ بال کپ کوالیفائر کے سلسلے میں آئندہ ماہ ملائیشیا اور شمالی کوریا کے درمیان شیڈول میچ سیکیورٹی خدشات کے باعث مسلسل دوسری مرتبہ ملتوی کر دیا گیا، میچ 8 جون کو کھیلا جانا تھا اور نئی تاریخ کے مطابق اب دونوں ٹیمیں 5 اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔

(جاری ہے)

ملائیشیا میں شمالی کوریا کے راہنما کم جانگ کے قتل کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی پیدا ہو گئی تھی اور اسی وجہ سے کوالیفائر میچ کو پہلے ملتوی کیا گیا تھا۔

فٹ بال ایسوسی ایشن آف ملائیشیا کے صدر اسماعیل سلطان ابراہیم نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی خدشات اور کھلاڑیوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے شمالی کوریا میں میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا، ہمیں خدشہ ہے کہ اگر دوران میچ نتیجہ میزبان ملک کے خلاف آیا تو اس صورت میں ہمارے کھلاڑیوں کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
وقت اشاعت : 11/07/2017 - 11:24:50