امریکی تیراک مائیکل فلپس اور شارک کے درمیان مقابلہ جعلی نکلا

فلپس نے اصل شارک کے بجائے کمپیوٹرائز شارک سے مقابلہ کیا، شارک کمپیوٹر کی مدد سے تیار کی گئی،حکام کا اعتراف

منگل 25 جولائی 2017 15:32

امریکی تیراک مائیکل فلپس اور شارک کے درمیان مقابلہ جعلی نکلا
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) اولمپکس سمیت متعدد مقابلوں میں حریفوں کی امیدوں پر پانی پھیرنے والے سوئمنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ مائیکل فلپس گریٹ وائٹ شارک سے تیراکی کا مقابلہ ہار گئے تاہم اس مقابلے نے سوشل میڈیا پر نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔وائلڈ لائف ڈاکیومیٹریز پیش کرنے والے ڈسکوری چینل نے گزشہ ماہ اعلان کیا تھا کہ اولمپکس کی تاریخ میں سب سے زیادہ گولڈ میڈلز جیتنے کا اعزاز رکھنے والے امریکی پیراک مائیکل فلپس اب گریٹ وائٹ شارک سے مقابلہ کریں گے اور اس مقابلے کو نشر بھی کیا جائے گا۔

لوگ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ مائیکل فلپس اصل شارک کے بجائے کمپیوٹرائز شارک سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ڈسکوری پر نشر ہونے والی اس ریس میں مائیکل فلپس کو کمپیوٹر کی مدد سے تیار کی گئی شارک کے ساتھ ریس کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

یہ مصنوعی 100 میٹر ریس جنوبی افریقا کے ساحل پر منعقد کی گئی جہاں مائیکل فلپس نے مقررہ فاصلہ 38.1 سیکنڈز میں طے کیا جبکہ نقلی شارک نے یہ فاصلہ 36.1 سیکنڈ میں طے کر لیا۔

ڈسکوری حکام کا کہنا ہے کہ وہ اصلی شارک کے ساتھ فلپس کو پانی میں اتارنے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے تھے لہذا انہوں نے کمپیوٹر کی مدد سے شارک کی شبیہہ تیار کی اور گریٹ وائٹ شارک کے تیرنے کی رفتار کا ڈیٹا استعمال کیا اور اس کا موازنہ فلپس کی رفتار سے کیا جس کے تحت شارک کو فاتح قرار دیا گیا۔تاہم سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شائقین نے ڈسکوری چینل کو آڑے ہاتھوں لیا اور خوب تنقید کی۔

ایک صارف نے لکھا کہ ڈسکوری نے انہیں دھوکا دیا اور وہ کچھ اور ہی توقع کر رہے تھے۔ ٹوئیٹر پر لوگوں کو مایوس دیکھ کر خود مائیکل فلپس نے لکھا کہ وہ دوبارہ میچ کرنا چاہیں گے اور اس بار گرم پانی میں مقابلہ ہونا چاہیئے۔ ممکن ہے کہ مستقبل میں ڈسکوری مائیکل فلپس اور اصل شارک کا مقابلہ کرانے کا کوئی راستہ ڈھونڈ نکالے۔
وقت اشاعت : 25/07/2017 - 15:32:30