معین علی کا ثقلین مشتاق کو مستقل بنیادوں پر سپن بائولنگ کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا مطالبہ

بدھ 9 اگست 2017 22:02

معین علی کا ثقلین مشتاق کو مستقل بنیادوں پر سپن بائولنگ کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا مطالبہ
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2017ء) انگلش ٹیم کے آل رائونڈر معین علی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کامیابی کے بعد سابق پاکستانی سپنر ثقلین مشتاق کو مستقل بنیادوں پر سپن بائولنگ کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انگلش ٹیم نے پروٹیز کو چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 3-1 سے شکست دے کر 19 برس بعد اپنی سرزمین پر جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا، معین علی نے ٹیم کی سیریز میں فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا، انہوں نے 25 وکٹیں لی تھیں۔

یاد رہے کہ معین علی نے پروٹیز کے خلاف سیریز میں 250 سے زائد رنز اور 25 وکٹیں لیکر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ معین علی نے اپنے بیان میں کہا کہ پروٹیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز ان کے کیریئر کی یادگار سیریز رہی ہے اور بطور آل رائونڈر میری کامیابی کا کریڈٹ ثقلین مشتاق کو جاتا ہے، اب میری نظریں کینگروز کے خلاف ایشز سیریز پر مرکوز ہیں اور میری خواہش ہے کہ ثقلین مشتاق اس سیریز میں بھی میرے ساتھ ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ثقلین سے ہمیشہ نئی چیزیں سیکھنے کا موقع ملتا ہے اور اس وقت بھی ہم مختلف ورائٹیز پر کام کر رہے ہیں، میرا بورڈ حکام سے مطالبہ ہے کہ وہ ثقلین کو مستقل بنیادوں پر ٹیم کا سپن بائولنگ کنسلٹنٹ مقرر کر دیں۔
وقت اشاعت : 09/08/2017 - 22:02:18