پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا راستہ ہموار، سری لنکن بورڈ کا آئندہ ماہ پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کا فیصلہ

پیر 14 اگست 2017 19:32

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا راستہ ہموار، سری لنکن بورڈ کا آئندہ ماہ پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کا فیصلہ
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا راستہ ہموار ہوگیا ہے اور جس ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کی وجہ سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بند ہوئی تھی اب اسی ٹیم سری لنکاکے کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

سری لنکا میں کرکٹ کے امور چلانے والا ادارہ ’سری لنکا کرکٹ‘ رواں برس دورہ پاکستان کے لیے اپنی قومی کرکٹ ٹیم بھیجنے کے لیے رضا مند ہوگیا اور اس سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔سری لنکن کرکٹ چیف تھیلنگا سوماتھیپالا نے کہا کہ سیکیورٹی کی جانچ پڑتال کے بعد کرکٹ ٹیم کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستان میں کھیلنے کی اجازت دی ہے جن میں سے کم از کم ایک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ 3 مارچ 2009 کو دہشت گردوں نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس کو اٴْس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا، جب وہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم جارہے تھے۔اس واقعے میں پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے جواںمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا اور سری لنکن ٹیم کی بس کے ڈرائیور نے ٹیم کو اسٹیڈیم تک پہنچا دیا تھا تاہم دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 پولیس اہلکاروں سیمت 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں سری لنکن ٹیم کے 7 کھلاڑی زخمی ہوگئے تھے، جبکہ پاکستانی امپائر احسن رضا بھی اس حملے میں دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بننے کے بعد زخمی ہوگئے تھے۔سری لنکا کرکٹ کے چیف سوما تھیپالا نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے ایک سیکیورٹی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا جس کے بعد سری لنکا ٹیم کو پاکستان میں کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا اور پاکستان آئندہ ماہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سریز کھیلیں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ ان میں سے ایک میچ لاہور میں کرایا جائے۔لاہور واقعے کے بعد سے لے کر اب تک پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہیں جبکہ 2015 میں زمبابوے نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے 2 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے۔
وقت اشاعت : 14/08/2017 - 19:32:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :