سری لنکا کو 2019ء ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کیلئے بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں دو فتوحات درکار ہیں

جمعہ 18 اگست 2017 19:01

سری لنکا کو 2019ء ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کیلئے بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں دو فتوحات درکار ہیں
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) سری لنکا کے پاس بھارت کے خلاف شیڈول ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں 2019ء ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کا موقع ہو گا، آئی لینڈرز کو میگا ایونٹ میں جگہ بنانے کیلئے بھارت کے خلاف سیریز میں کم از کم دو میچز میں فتوحات درکار ہوں گی۔ سری لنکا اور بھارت کے درمیان سیریز کا آغاز (کل) اتوار سے ہو رہا ہے۔

جمعہ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق 30 ستمبر سے قبل سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2019ء میں شیڈول ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کی جنگ ہو گی تاہم کالی آندھی کے مقابلے میں سری لنکا کی پوزیشن زیادہ بہتر ہے، سری لنکن ٹیم اگر بھارت کے خلاف سیریز میں کم از کم دو ون ڈے جیتنے میں کامیاب ہوئی تو وہ میگا ایونٹ میں جگہ بنا لے گی جبکہ دوسری جانب ویسٹ انڈین اگر اس دوران تمام چھ ون ڈے بھی جیت جائے تو اس کے باوجود اسے کوالیفائنگ مرحلہ عبور کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اگر ویسٹ انڈین ٹیم آئرلینڈ سے میچ ہار جاتی ہے اور سری لنکن ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو اس صورت میں بھی کالی آندھی ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ رواں برس 30 ستمبر تک ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ آٹھ میں جگہ بنانے والی ٹیمیں 2019ء ورلڈ کپ تک براہ راست کوالیفائی کر لیں گی۔
وقت اشاعت : 18/08/2017 - 19:01:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :