قومی جونیئر بیڈمنٹن چیمپیئن شپ اختتام پذیر ہو گئی

پیر 21 اگست 2017 18:00

قومی جونیئر بیڈمنٹن چیمپیئن شپ اختتام پذیر ہو گئی
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء)پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہونے والی قومی جونیئر بیڈمنٹن چیمپیئن شپ اختتام پذیر ہو گئی، بوائز انڈر 17 میں راجہ ذوالقرنین، انڈر 19 میں زوہیب خان، انڈر 15 میں عدنان نے جبکہ گرلز میں انڈر 17 میں مینال طارق اور انڈر 19 میں امل منیب نے چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا، نشتر سپورٹس کمپلیکس کے انڈور جمنیزیم میں منعقد ہونے والے تین روزہ ایونٹ میں ملک بھر سے 200 کے قریب مرد و خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا، گذشتہ روز سات کیٹیگریز کے فائنل مقابلے ہوئے، انڈر 17 بوائز کا فائنل پنجاب کے راجہ ذوالقرنین اور طیب شفیق کے درمیان کھیلا گیا جس میں راجہ ذوالقرنین نے اکیس پندرہ اور اکیس سولہ سے کامیابی حاصل کی۔

انڈر 19 بوائز کے فائنل میں پولیس کے زوہیب خان نے آرمی کے شعیب ریاض کو اکیس تیرہ، انیس اکیس اور اکیس سترہ سے کامیابی اپنے نام کی۔

(جاری ہے)

انڈر 17 گرلز کے فائنل میں پنجاب کی امل منیب نے پنجاب ہی کی لائبہ مسعود کے خلاف دو صفر سے کامیابی حاصل کی۔ انڈر 19 سنگلز کے فائنل میں آرمی کی مینال طارق نے آرمی کی عارفہ حسن کو سٹریٹ سیٹ میں دو صفر سے مات دی۔

انڈر 15 بوائز میں کے پی کے عدنان نے پنجاب کے رضا علی کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ انڈر 19 گرلز ڈبلز کے فائنل میں آرمی کی منیال طارق اور عارفہ نے فائنل میں کائنات اور زینب کو با آسانی مات دیکر ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ انڈر 19 بوائز کا فائنل پنجاب کے روہن اور روحیل نے آرمی کے شعیب ریاض اور عبدالباسط کو سخت مقابلے کے بعد زیر کر کے فائٹل اپنے نام کیا۔

فائنل میچ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب شیخ محمد انیس تھے جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، اس موقع پر پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کے سیکرٹری واجد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیمپیئن شپ میں نمایاں پوزیشن اور اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو میانمار میں ہونے والی ایشین جونیئر بیڈمنٹن چیمپیئن شپ میں شرکت کا موقع فراہم کیا جائے گا، پاکستان میں ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے سینئر کے ساتھ ساتھ جونیئرز کے ایونٹس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، سال میں چار جونیئرز کے ایونٹ کرائے جائیں گے جہاں سے نئے کھلاڑیوں کو تلاش کر کے ان کا پول تیار کیا جائے گا، اس موقع پر مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب شیخ محمد انیس کا کہنا تھا کہ سپورٹس بورڈ کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے،کھلاڑیوں کے لیے بورڈ کا انفراسٹرکچر ہر وقت دستیاب ہے۔

وقت اشاعت : 21/08/2017 - 18:00:21