آفریدی ٹونٹی ٹونٹی سکور کرنے والے معمر ترین پاکستانی کھلاڑی بن گئے

بدھ 23 اگست 2017 17:07

آفریدی ٹونٹی ٹونٹی سکور کرنے والے معمر ترین پاکستانی کھلاڑی بن گئے
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار23 اگست۔2017ئ)قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے گزشتہ روز انگلش نیٹ ویسٹ ٹونٹی ٹونٹی بلاسٹ میں اپنے کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر کئی ریکارڈ بھی تو ڑ ڈالے ۔ 37سالہ آفریدی نے 42گیندوں پر سنچری مکمل کی جو احمد شہزاد کے بعد کسی بھی پاکستانی بلے باز کی دوسری تیز ترین ٹونٹی ٹونٹی سنچری تھی ، پاکستانی اوپنر نے 2012ءمیں باریسال بلز کیلئے 40گیندوں پر سنچری بنائی تھی،آفریدی کی سنچری برطانوی سنچری پر چوتھی اور مجموعی طور پر 12ویں تیز ترین سنچری تھی ۔

آفریدی نے 222اننگز میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی ،ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں کسی بلے باز نے 200اننگز کھیلنے کے بعد اپنی پہلی سنچری مکمل نہیں کی ، پہلے یہ ریکارڈ عمر اکمل کے پاس تھا جنہوں نے 187اننگز کھیل کر اپنی پہلی سنچری بنائی ، بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو اپنی ٹی ٹونٹی سنچری کے لیے 181اننگز کا انتظار کرنا پڑ ا تھا ۔

(جاری ہے)

آفریدی نے 256ویں میچز میں پہلی ٹونٹی ٹونٹی سنچری بنائی ، ان کے علاوہ آندرے رسل(218) واحد بلے باز ہیں جنہوں نے 200سے زیادہ میچزکھیلنے کے بعد پہلی ٹونٹی ٹونٹی سنچری بنائی۔

آفریدی نے 37سال اور174دن کی عمر میں پہلی ٹی ٹونٹی سنچری بنائی جس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کے پہلے اور مجموعی طور پر چھٹے معمر ترین ٹونٹی ٹونٹی سنچورین بن گئے ،اس فہرست میں پہلا نام پال کولنگ ووڈ کا ہے جس نے 41سال اور65دن کی عمر میں سنچری سکور کی ،دیگر کھلاڑیو ں میں سنتھ جے سوریا(38سال 319دن )، گریم ہک( 38سال43دن )،شائیمان انور(38سال30دن ) اور سچن ٹنڈولکر(37سال 356دن ) شامل ہیں ۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے 20گیندوں پر اپنے کیریئر کی تیز ترین نصف سنچری مکمل کی ، اس سے قبل انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں پشاور زلمی کی جانب سے کراچی کنگز کیخلاف 27گیندوں پر ففٹی سکور کی تھی ۔ آفریدی اس اننگز کو کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جو ان کے کیریئرکا 27واں مین آف دی میچ ایوارڈ تھا ، کرس گیل 48اور ڈیو ڈ وارنر اور لیوک رائٹ 28،28مین آف دی میچ ایوارڈز کے ساتھ ان سے آگے ہیں ۔ 
وقت اشاعت : 23/08/2017 - 17:07:48