ڈبلیو ڈبلیو ای میںشلوار قمیض میں لڑنے والی ریسلر کی ویڈیو وائرل ہوگئی

بھارتی ریاست ہریانہ سے تعلق رکھنے والی کویتا دیوی نے گریٹ کھالی سے انکی اکیڈمی میں تربیت حاصل کی

جمعرات 7 ستمبر 2017 13:00

ڈبلیو ڈبلیو ای میںشلوار قمیض میں لڑنے والی ریسلر کی ویڈیو وائرل ہوگئی
ہریانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2017ء)ڈبلیو ڈبلیو ای میںشلوار قمیض میں لڑنے والی ریسلر کی ویڈیو وائرل ہوگئی ۔کویتا دیوی بھارتی ریاست ہریانہ سے تعلق رکھتی ہیں اور انہوں نے گریٹ کھالی سے ان کی اکیڈمی میں تربیت حاصل کرکے ڈبلیو ڈبلیو ای کے پہلے مائی ینگ کلاسیک ویمن ٹورنامنٹ میں گزشتہ ماہ ڈیبیو کیا۔اہم بات یہ ہے کہ وہ رنگ میں شلوار قمیض میں جاکر لڑتی ہیں۔

کویتا دیوی سابق پاور لفٹر اور ایم ایم اے فائٹر رہ چکی ہیں جبکہ وہ ایک پولیس آفیسر بھی تھیں مگر اب وہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں کیرئیر بنانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔بدقسمتی سے خاتون کو پہلے میچ میں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا اور ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کا حصہ بننا اچھا تجربہ تھا کیونکہ اس میں دنیا بھر کی ریسلرز شریک تھیں۔

(جاری ہے)

یہ خاتون ساتھ ایشین گیمز میں پاور لفٹنگ میں طلائی تمغہ بھی جیت چکی ہیں مگر ان کے بقول اس شعبے میں کامیابی کے باوجود کچھ کمی سی محسوس ہوتی تھی اور اسی لیے وہ ریسلنگ کی جانب گئیں، اور آغاز نے ہی انہیں سیلیبرٹی بنا دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس تکنیک، صلاحیت اور مضبوطی ہے اور ڈبلیو ڈبلیو ای میں کامیابی کے لیے مجھے وہاں کی ریسلرز کی طرح کے گلیمر کی ضرورت نہیں ،مجھے بس یہ سیکھنا ہے کہ ہجوم کے سامنے پرفارم کیسے کرتے ہیں اور باقی سب بھی بتدریج سیکھ لوں گی۔

کویتا دیوی پہلی بھارتی ڈبلیو ڈبلیو ای ویمن چمپئن بننے کا عزم رکھتی ہیں اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا چاہتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی آبائی ریاست ہریانہ میں گائوں والے میرے والد سے کہتے تھے لڑکی کو اکیلے باہر مت بھیجو ، شادی کرا دو اس کی، خوش قسمتی سے میرے بھائی نے اس صورتحال میں میرا ساتھ دیا اور وہ کہتا تھا کہ کویتا تم کھیل پر دھیان دو اور ان لوگوں کو مجھ پر چھوڑ دو۔
وقت اشاعت : 07/09/2017 - 13:00:39