ساتویں نیشنل بینک ڈس ایبلڈ T-20 پنٹنگولر کپ کا افتتاح 17 ستمبر کو ہو گا

ہفتہ 9 ستمبر 2017 21:41

ساتویں نیشنل بینک ڈس ایبلڈ T-20 پنٹنگولر کپ کا افتتاح 17 ستمبر کو ہو گا
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے منظور شدہ پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن (پی ڈی سی ای) کے زیر اہتمام نیشنل بینک آف پاکستان کے تعاون سے ساتویں این بی پی ڈس ایبلڈ T-20 پنٹنگولر کپ 2017ء کا آغاز 17 ستمبر بروز اتوار صبح 10 بجے راشد لطیف کرکٹ گرائونڈ گلبرگ میں ہو گا۔ افتتاحی روز دو میچ کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں صبح 9:30 بجے فیڈریل ایریاز کا مقابلہ پنجاب سے جبکہ دوپہر 1:30 بجے بلوچستان کا مقابلہ سندھ سے ہو گا۔

مہمان خصوصی ہیڈ سی ایس آر اینڈ اسپورٹس ڈویژن نیشنل بینک آف پاکستان اویس اسد خان ایونٹ کا افتتاح کریں گے جبکہ ٹورنامنٹ کے لیگ میچز آر ایل سی اے گلبرگ اور ٹی ایم سی کرکٹ گرائونڈ میں 18 اور 19 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 20 ستمبر بروز بدھ صبح 10 بجے راشد لطیف اکیڈمی گلبرگ میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کی تقریب تقسیم انعامات فائنل میچ کے اختتام پر گرائونڈ پر ہی منعقد ہو گی۔

اس بات کا اعلان ٹورنامنٹ سکریٹری و اعزازی سیکریٹری پاکستان ڈس ابیلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن امیر الدین انصاری نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ٹورنامنٹ کے اسپانسرز نیشنل بینک آف پاکستان کے سی ایس آر اینڈ اسپورٹس ڈویژن کے ہیڈ اویس اسد خان، سابق ٹیسٹ کرکٹر عظیم حفیظ، صدر پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن سلیم کریم، مینجر سی ایس آر این بی پی علیم موسیٰ، چیف ایونٹ مینجمنٹ این بی پی انور فاروقی، میڈیا کنسلٹینٹ حاجی غلام محمد، پی آر او اسپورٹس عظمت اللہ، نیشنل کوچ اقبال امام اور میڈیا مینجر محمد نظام و دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔

امیر الدین انصاری نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ہمراہ 2,00,000روپے جبکہ رنرز اپ ٹیم کو ٹرافی اور 1,00,000روپے دیئے جائیں گے، لیگ میچز میں ہر میچ کے مین آف دی میچ کو 2,000 روپے جبکہ فائنل کے مین آف دی میچ کو 5,000 روپے دیئے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے بیسٹ بیٹسمین ، بیسٹ بائولر ،بیسٹ فیلڈر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو 10-10 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

مذکورہ ایونٹ کوچھٹی مرتبہ نیشنل بینک آف پاکستان نے اسپانسر شپ دی ہے۔ ٹورنامنٹ میں چار صوبائی اور فیڈریل ایریاز کی ٹیم کے ہمراہ 5 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں سندھ، پنجاب، خیبر پختون خواہ، بلوچستان اور فیڈریل ایریاز شامل ہیں۔ خیبر پختون خواہ کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی جس نے گزشتہ ایونٹ میںنیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بلوچستان کو شکست دیکر ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

پی ڈی سی اے کی قومی ڈس ایبلڈ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ صبیح اظہر (روالپنڈی)، ممبران جمیل کامران (ملتان)، جاوید اشرف (لاہور)اور اسلیم برایئچ (کوئٹہ) اور قمبر علی (کراچی) نے کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا سلیکشن کیا ہے۔ لیگ کی بنیاد پر میچز ہوں گے اور 2 ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائیگا۔ اویس اسد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل بینک آف پاکستان نے ہمیشہ پورے پاکستان میں مختلف کھیلوں کے فروغ میں اپنا اہم قردار ادا کیا ہے اور خصوصاً ڈس ایبلڈ کرکٹ کے فروغ کیلئے پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

آخر میں محمد نظام نے کہا کہ پی سی بی نے ہر قدم پر ہماری رہنمائی اور سپورٹ کی ہے، اس پر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بے حد شکر گزار ہوں۔ انہوں نے تمام الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندگان کی آمد اور بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
وقت اشاعت : 09/09/2017 - 21:41:03