آزادی کپ : پاکستان نے ورلڈ الیون کو 34رنز سے ہرا کر سیریز جیت لی

muhammad ali محمد علی جمعہ 15 ستمبر 2017 22:31

آزادی کپ : پاکستان نے ورلڈ الیون کو 34رنز سے ہرا کر سیریز جیت لی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 ستمبر2017ئ) آزادی کپ کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے ورلڈ الیون کو 34رنز سے شکست دیکر سیریز2-1سے اپنے نام کرلی ۔سیریز کے تیسرے ٹی ٹونٹی میں فخر زمان اور احمد شہزاد نے پاکستان کو 59 رنز کا آغاز فراہم کیا،61 کے مجموعی سکور پر احمد شہزاد کی جانب سے کھیلا گیا شاٹ سیمی کے ہاتھ پر لگ کر دوسرے اینڈ پر وکٹوں سے ٹکرایا اور یوں فخر زمان27رنز بنا کر رن آﺅٹ ہو گئے، بابر اعظم اور احمد شہزاد نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی اور اس دوران احمد نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی ،اوپنر 55گیندوں پر 89رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد بائی کا رن چراتے ہوئے رن آﺅٹ ہوگئے ،بابر اعظم بھی 48رنز بناکر پوویلین کی جانب گئے ،لمبی شاٹس مارنے کے لیے بھیجے گئے عماد وسیم بھی بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے۔

(جاری ہے)

شعیب ملک 2چھکوں کی مدد سے 17رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ورلڈ الیون کی جانب سے پریرا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ورلڈ الیون نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو تمیم اقبال نے عماد وسیم کو تین چوکے لگا کر جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن اگلے ہی اوور میں عثمان شنواری نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔ورلڈ الیون نے بڑا ہدف دیکھ کر بین کٹنگ کو بیٹنگ میں ترقی دی لیکن وہ حسن علی کی پہلی وکٹ بن گئے،اگلی ہی گیند پران فارم ہاشم آملا وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں پویلین لوٹ گئے،آملا کے آو¿ٹ ہونے کے بعد ورلڈ الیون دباﺅ میں آ گئی اور فاف ڈو پلسی اور جارج بیلی بھی پویلین سدھار گئے۔

67 رنز پر آدھی ٹیم پوویلین لوٹنے کے بعد تھیسارا پریرا کی میدان میں آمد ہوئی جنہوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاداب خان کے ایک اوور میں تین چھکوں سمیت 24 رنز بٹورے لیکن رومان رئیس نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اس سے قبل قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے 3 ٹی20 میچز کی سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ورلڈ الیون نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے ٹم پین اور پال کولنگ وڈ کی جگہ ڈیرن سیمی اور جارج بیلی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے،جارج بیلی اس میچ میں وکٹ کیپنگ کررہے ہیں ، آج تک انہوں نے 124 انٹرنیشنل میچز میں کبھی وکٹ کیپنگ نہیں کی۔پاکستان نے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے سہیل خان کی جگہ حسن علی کو ٹیم کا حصہ بنایا۔
وقت اشاعت : 15/09/2017 - 22:31:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :