ابو ظہبی ٹیسٹ : سری لنکانے پاکستان کو جیت کے لیے 136رنز کا ہدف دیدیا،یاسر شاہ کے 5 شکار

پیر 2 اکتوبر 2017 13:04

ابو ظہبی ٹیسٹ : سری لنکانے پاکستان کو جیت کے لیے 136رنز کا ہدف دیدیا،یاسر شاہ کے 5 شکار
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار2 اکتوبر۔2017ء)ابوظہبی ٹیسٹ کے آخری روز سری لنکا کی پوری ٹیم 138رنز پر پوویلین لوٹ گئی ہے اور پاکستان کو جیت کے لیے 136رنز کا ہدف ملا ہے جبکہ میچ کے دو سیشنز کا کھیل ابھی باقی ہے ۔ٹیسٹ کے آخری روز گرین شرٹس کے محمد عباس نے کوشل مینڈس کو 18 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا جس کے نتیجے میں سری لنکا کی پانچویں وکٹ 73 رنز پر گر گئی ہے، 86 رنز کے مجموعی سکور پر محمد عباس نے سرنگا لکمل کو بابر اعظم کی مد د سے میدان بدر کیا ، انہوں نے 13 رنز بنائے ،یاسر شاہ نے پہلے دلروان پریرا کو 6کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا اور اگلی ہی گیند پر رنگنا ہیراتھ کی بھی وکٹ حاصل کی،لیگ سپنر نے سنداکن کو آﺅٹ کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں 12ویں مرتبہ اننگ میں 5شکار مکمل کیے،محمد عباس نے 2جبکہ حسن علی ،حارث سہیل اور اسد شفیق نے ایک ایک وکٹ لی ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی باﺅلرز کی شاندار بولنگ کی بدولت سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات کا شکار ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے دیموتھ کرونا رتنے اور کوشل سلوا نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 20 کے مجموعی سکور پر یاسر شاہ نے پاکستان کو بڑی کامیابی دلادی اور کرونارتنے کی وکٹ حاصل کی، وہ 10 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، اسد شفیق نے تھریمانے کو 7 رنز پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کرایا، حارث سہیل نے کوشل سلوا کو ایل بی ڈبلیو کیا، وہ 25 رنز بناسکے۔

سری لنکا کو چوتھا نقصان چندیمل کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 7 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 2 جبکہ اسد شفیق اور حارث سہیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔اس سے قبل قومی ٹیم پہلی اننگز میں ٹیم سری لنکا کے 419 رنز کے جواب میں 422 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، چوتھے دن کا کھیل شروع ہوا تو پاکستان نے 266 رنز 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، اظہر علی 74 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم وہ زیادہ دیر کریز پر کھڑے نہ رہ سکے اور 294 کے مجموعی سکور پر 85 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اظہر علی کے بعد کپتان سرفراز احمد اور حارث سہیل نے ٹیم کا سکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 316 کے مجموعی سکور پر سرفراز 18 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے ،10 رنز کے اضافے سے محمد عامر بھی واپس پویلین لوٹ گئے۔

اظہر علی اور کپتان سرفراز کے آﺅٹ ہونے کے بعد حارث سہیل نے قومی ٹیم کو سہارا دیا اور 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ 422 کے مجموعی سکور پر آﺅٹ ہوگئے، پاکستان کی جانب سے اظہر علی، شان مسعود اور سمیع اسلم نے بھی نصف سنچریاں سکور کیں۔اس سے قبل تیسرے دن کے اختتام پر قومی ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بناسکی، اوپنرز کی جانب سے اچھا آغاز فراہم کیا گیا تاہم ٹیم کو پہلا دھچکا سمیع اسلم کی صورت میں لگا جو 4 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بناکر پویلین لوٹے ، صرف 2 رنز کے بعد ہی شان مسعود نے بھی اپنے ساتھی کو ڈریسنگ روم میں جوائن کیا، وہ 6 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، اظہر علی اور اسد شفیق کے درمیان 79 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم اسد شفیق 39 رنز بناکر ہیراتھ کا شکار بنے، بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 28 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے ، اس دوران اظہر علی نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 5 ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

سری لنکا کےخلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں دوسرے دن سری لنکا کی پوری ٹیم 10 وکٹوں کے نقصان پر 419 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی تھی۔ لنکن کپتان چندیمل نے 155 رنز کی شاندار ناٹ آﺅٹ اننگز کھیلی ۔ پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر یاسر شاہ اور محمد عباس نے 3 ، 3 شکار کئے ، حسن علی نے 2 اور حارث سہیل ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ محمد عامر کوئی کامیابی حاصل نہ کرسکے۔
وقت اشاعت : 02/10/2017 - 13:04:50