نشان حیدر نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز

نشان حیدر نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز،دفاع وطن کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد باعث مسرت ہے،ڈی جی رینجرز

بدھ 4 اکتوبر 2017 22:34

نشان حیدر نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2017ء) نشان حیدر نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں ہوگیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تحت کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح مہمان خصوصی ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے بال کو ہاکی سے ہٹ لگا کر کیا۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر (ر) اعجاز کھوکھر، سیکریٹری سابق اولمپیئن شہباز احمد، سابق اولمپیئن اصلاح الدین، سابق اولمپیئن قمر ابراہیم، سابق اولمپیئن کامران اشرف، کراچی ہاکی ایسوس ایشن کے صدر ڈاکٹر جنید علی شاہ، ایسوسی ایشن سے وابسطہ دیگر عہدیداروں سمت کثیر تعداد میں اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے کہا کہ میرے لیے آج کا دن انتہائی قابل فخر اور باعث مسرت ہے کہ دفاع وطن کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت اور ان کے لواحقین و رفقاء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ معاشرے میں صحت مندانہ رجحانات کو پروان چڑھانے، ہمارے قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں یہ ٹورنامنٹ انتہائی موثر اور مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا اور ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کی شرکت خوش آئند ہے۔ ڈی جی رینجرز نے مزید کہا کہ میں تمام پاکستانیو ں کی جانب سے بیرون ملک سے آئے ہوئے ان تمام معززکھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور آپ کو نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔

ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید اس امید کا بھی اظہار کیا کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلوں اور انٹرنیشنل ہاکی کے مقابلوں کی واپسی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ قبل ازیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی 11 ٹیموں کے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ بھی کیا۔
وقت اشاعت : 04/10/2017 - 22:34:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :