اضلاع میں ماڈل قبرستانوں کے قیام کے لئے 4207کنال اراضی مختص

وزیراعلی کی ہدایت پر ریونیو حکام نے صوبے میں مختلف اضلاع میں موجود43مقامات پر سرکاری اراضی منتقل کر دی صوبہ بھر میں وزیراعلی کی ہدایت کے مطابق شہر خموشاں اتھارٹی کے تحت ماڈل قبرستانوں کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا‘ سلمان صوفی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) شہر خموشاں اتھارٹی کو صوبہ بھر میں ماڈل قبرستانوں کے قیام کے لئے 36اضلاع میں سرکاری اراضی منتقل کر دی گئی۔ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک ریفارمز یونٹ قائمقام ڈائریکٹر جنرل شہر خموشاں اتھارٹی سلمان صوفی نے بتایا کہ وزیراعلی کی ہدایت پر ریونیو حکام نے صوبے کے تمام اضلاع میں ماڈل قبرستانوں کے قیام کے لئے اراضی کی منتقلی کا عمل مکمل کر لیا ہے۔

جس کے تحت 43مقامات پر 4207کنال اراضی پنجاب شہر خموشاں اتھارٹی کو منتقل کی گئی ہے تاکہ ان پر ماڈل قبرستان قائم کئے جا سکیں۔سلمان صوفی نے بتایا کہ شہر خموشاں اتھارٹی نے مذکورہ اراضی کی نشاندہی اور دیگر ضروری کارروائی کر دی ہے۔سلمان صوفی نے بتایاکہ تقریبا تمام اضلاع میں قبرستانوں کی اراضی کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر وزیراعلی محمد شہباز شریف نے ماڈل قبرستان کے قیام کے کارروائی تیز تر کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ لاہور کے علاوہ سرگودھا،ملتان اور فیصل آباد میں ماڈل قبرستان کے پراجیکٹ تکمیل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔جہاں کفن دفن کی تمام تر سہولتیں ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی اور اس پراجیکٹ کو وزیراعلی کی ہدایت کے مطابق تیز رفتاری سے مکمل کیا جارہا ہے۔
وقت اشاعت : 19/10/2017 - 17:12:08