آئی سی سی نے محمد حفیظ کا بائولنگ ایکشن ایک بار پھر مشکوک قرار دیدیا

آئی سی سی قوانین کے تحت حفیظ کو 14 روز میں اپنے ایکشن کی جانچ کروانی ہو گی جسکے بعد ہی وہ بائولنگ کروا سکیں گے

جمعرات 19 اکتوبر 2017 21:46

آئی سی سی نے محمد حفیظ کا بائولنگ ایکشن ایک بار پھر مشکوک قرار دیدیا
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے پاکستانی آل رائونڈر محمد حفیظ کا بالنگ ایکشن ایک بار پھر مشکوک قرار دیدیا۔آئی سی سی کے قوانین کے مطابق بالنگ کراتے وقت بالر کے ہاتھ کا خم 15 ڈگری کے اندر ہونا چاہیے۔میچ آفیشلز نے سری لنکا کے خلاف ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن کو رپورٹ کیا تھا۔

حفیظ نے میچ میں ایک وکٹ حاصل کی تھی۔آئی سی سی قوانین کے تحت حفیظ کو 14 روز میں اپنے ایکشن کی جانچ کروانی ہو گی تاہم اس دوران وہ بالنگ کروا سکیں گے۔اس سے قبل محمد حفیظ کا بالنگ ایکشن ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں دو مرتبہ مشکوک قرار دیا جا چکا ہے۔پہلی مرتبہ ان کا ایکشن جولائی 2015 میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران مشکوک قرار دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد حفیظ نے بالنگ ایکشن میں تبدیلی کرکے نومبر 2015 میں آسٹریلیا میں اپنے نئے ایکشن کا ٹیسٹ دیا تھا جس کے کلیئر ہونے کے بعد انہوں نے دوبارہ بالنگ شروع کی۔آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ نے حفیظ کو 2016 میں قائد اعظم ٹرافی میں بالنگ کی اجازت دی تھی لیکن ٹرافی کے فائنل میچ میں بھی ان کا ایکشن رپورٹ ہوا تھا۔قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں بالنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد پی ایس ایل انتظامیہ نے انہیں لیگ کے پہلے ایڈیشن میں بالنگ سے روک دیا تھا۔
وقت اشاعت : 19/10/2017 - 21:46:49