آئی سی سی ون ڈے رینکنگ،حسن علی دنیا کے نمبر ون بائولر بن گئے

محمد حفیظ شکیب الحسن کو پیچھے دھکیلتے ہوئے نمبر ون آل رائونڈر بن گئے،بیٹنگ رینکنگ میں اے بی ڈویلیئرز پہلے نمبر پر براجمان، ویرات کوہلی دوسرے،ڈیوڈ وارنرتیسرے اور پاکستانی بابر اعظم چوتھے نمبر پر موجود

جمعہ 20 اکتوبر 2017 15:15

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) پاکستان کے میڈیم فاسٹ بائولر حسن علی ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ون بائولر جبکہ محمد حفیظ نمبر ون آل رائونڈر بن گئے ہیں، بیٹنگ رینکنگ میں اے بی ڈویلیئرز پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ ویرات کوہلی دوسرے،ڈیوڈ وارنرتیسرے اور پاکستانی بابر اعظم چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

عالمی کرکٹ کونسل کی جانب سے جمعے کو جاری کی گئی تازہ ترین فہرست کے مطابق حسن علی 743 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔گذشتہ فہرست میں وہ ساتویں پوزیشن پر تھے اور حالیہ میچوں میں ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت ان کی درجہ بندی میں چھ درجوں کی بہتری آئی ہے۔وہ اس سال پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے پانچویں بولر بن گئے ہیں، اس سے قبل سرفہرست بولروں میں ٹرینٹ بولٹ، عمران طاہر، کاگیسو ربادا اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی سری لنکا کے خلاف حالیہ ایک روزہ سیریز میں بھی حسن علی کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے۔23 سالہ حسن علی سری لنکا کے خلاف جاری ایک روزہ سیریز میں اب تک نو وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ حسن علی اس سال ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بھی بن گئے ہیں۔اس کے ساتھ انھوں نے سب سے کم ون ڈے میچوں میں وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کرنے والے پاکستانی بولر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

واضح رہے کہ حسن علی چیمپئینز ٹرافی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے جب کہ بابر اعظم نے حال ہی میں لگاتار 5 ایک روزہ میچوں میں سنچریاں بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔دوسری جانب آل رانڈرز کی فہرست میں پاکستانی آل رانڈر محمد حفیظ نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔محمد حفیظ نے پہلی بار یہ اعزاز جنوری 2013 میں حاصل کیا تھا اور نو بار انھیں نمبر ایک آل رانڈر قرار دیا جا چکا ہے۔
وقت اشاعت : 20/10/2017 - 15:15:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :