سرفرازاحمد کا ایک اورکارنامہ،سٹے بازی کی تمام کوششیں ناکام بنادیں

سٹے بازوں کی قومی ٹیم کے کپتان کو اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش،فوری طور پر ٹیم منیجمنٹ کو آگاہ کردیا

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 14:40

سرفرازاحمد کا ایک اورکارنامہ،سٹے بازی کی تمام کوششیں ناکام بنادیں
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) دبئی میں سری لنکا کے خلاف جاری سریز کے دوران ایک بکی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جس کے بارے میں انہوں نے فوری طور پر ٹیم منیجمنٹ کو آگاہ کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میںسٹے بازوں نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کر دی اسپاٹ فکسنگ کی یہ پیشکش قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے سے پہلے کی گئی۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم دبئی میں جس ہوٹل میں قیام پذیر ہے اسی ہوٹل میں شاپنگ مال بھی موجود ہے جہاں سرفراز احمد اپنی فیملی کے ہمراہ تھے تو اس دوران ایک مشکوک شخص نے انہیں روکا اور بات کرنا چاہیے جس پر سرفراز احمد اسے اپنا مداح سمجھے۔

(جاری ہے)

یہ مشکوک شخص حلیے سے پاکستانی معلوم ہوتا تھا اور اس نے سرفراز احمد کو میچ سے پہلے اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی۔

سرفراز احمد نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے ہی روز اس بات سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کیا جب کہ انہوں نے لاہور میں ڈائریکٹر سیکیورٹی کرنل اعظم کو بھی پیشکش سے متعلق بتایا۔ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے بعد دبئی میں مشکوک افراد کی نگرانی سخت کردی گئی ہے اور پاکستان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو غیر متعلقہ لوگوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے اسپاٹ فکسنگ کے واقعے کی تصدیق سے انکار کیا ہے۔
وقت اشاعت : 21/10/2017 - 14:40:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :