کوہلی کو آئی سی سی قوانین کی کھلی خلاف ورزی پر بھی کلین چٹ مل گئی

جمعرات 2 نومبر 2017 18:41

کوہلی کو آئی سی سی قوانین کی کھلی خلاف ورزی پر بھی کلین چٹ مل گئی
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2017ء) بھارتی کپتان ویرات کوہلی کونیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے باوجودکلین چٹ دے دی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی کی ایک تصویر سامنے آئی تھی جس میں وہ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں میچ کے دوران واکی ٹاکی پر کسی سے بات کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق کپتان ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے واکی ٹاکی استعمال کرتے رہے۔کوہلی کی تصویر منظر عام پر آنے کے بعد بھارتی میڈیا میں ہنگامہ برپا ہوگیا کہ کوہلی آئی سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں اور ان کے خلاف بڑی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم آئی سی سی نے معاملے کی تحقیقات کرنے کے بعد کوہلی کو کلین چٹ دے دی ہے۔

آئی سی سی کے آرٹیکل 4.2 کے مطابق میچ کے دوران کسی بھی قسم کے لیپ ٹاپ، انٹر نیٹ، لینڈ لائن ، فون یا کسی دوسرے آلے کے استعمال پر پابندی ہوتی ہے۔ تاہم کھلاڑی آپس میں بات چیت کے لیے ڈگ اور ڈریسنگ روم کے درمیان واکی ٹاکی استعمال کرسکتے ہیں۔ بھارتی کپتان نے مینجر سے واکی ٹاکی استعمال کرنے کی اجازت بھی لی تھی۔
وقت اشاعت : 02/11/2017 - 18:41:28