قومی ٹی ٹوئنٹی کپ، لاہور وائٹس نے راولپنڈی کو 28رنز سے شکست دیدی

لاہور وائٹس کے کامران اکمل کی 65 رنز کی طوفانی اننگز، مرد میدان قرار پائے

اتوار 19 نومبر 2017 17:50

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2017ء) قومی ٹی 20 کپ، لاہور وائٹس نے راولپنڈی کو 28 رنز سے شکست دے دی، راولپنڈی کی ٹیم 179 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ لاہور وائٹس کے کامران اکمل کو 65 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

کامران اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 65 رنز بنائے جس میں چار چھکے شامل تھے۔ عمر اکمل 33 اور سمیع اسلم 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سہیل تنویر اور محمد نواز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ راولپنڈی کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز ہی بنا پائی۔ عمر امین 35 ، محمد نواز 27 ، زین عباس 26 اور افتخار احمد 24 رنز بنا سکے۔ عمید آصف، وہاب ریاض اور بلال آصف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ لاہور وائٹس کی یہ ایونٹ میں تیسری فتح ہے، اس طرح وہ 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
وقت اشاعت : 19/11/2017 - 17:50:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :