ْایشز سیریز،انگلینڈ نے پہلے روز کے اختتام پر 196 رنز بنا لیے،چار کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،جیمز ونس ،مارک اسٹون مین کی نصف سنچریاں،کم روشنی کے باعث میچ مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا

جمعرات 23 نومبر 2017 22:25

ْایشز سیریز،انگلینڈ نے پہلے روز کے اختتام پر 196 رنز بنا لیے،چار کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے
برسبین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں جیمز ونس اور مارک اسٹون مین کی نصف سنچریوں کی بدولت چار وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنا لیے۔تاریخی ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ برسبین کرکٹ گرائونڈ پر شروع ہوگیا جہاں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

مہمان ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 2کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب سینئر بلے باز ایلسٹر کک دو رنز بنانے کے بعد مچل اسٹارک کی گیند پر پیٹر ہینڈزکومب کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔اس موقع پر مارک سٹونمین اور جیمز ونس نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 125 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔

(جاری ہے)

127 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کی دوسری وکٹ گر گئی جب اسٹونمین 53 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

اسکور 145 تک پہنچا تو 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے جیمز ونس بدقسمتی کا شکار ہو کر رن آئوٹ ہوگئے۔لیکن انگلینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب کپتان جو روٹ صرف 15 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔اس کے بعد ڈیوڈ ملان اور معین علی نے پانچویں وکٹ میں 33 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا اسکور 196 تک پہنچایا مگر خراب روشنی کی وجہ سے میچ مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے تھے، ملان 28 اور معین علی 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے دو اور مچل سٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 23/11/2017 - 22:25:44