کم ترین میچز میں 300ٹیسٹ شکار،روی چندرن ایشون نے36سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

پیر 27 نومبر 2017 17:27

کم ترین میچز میں 300ٹیسٹ شکار،روی چندرن ایشون نے36سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
ناگپور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27نومبر2017ئ)بھارتی آف سپنر روی چندرن ایشون نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 300ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والا باﺅلر بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے ۔ سری لنکا کیخلاف ناگپور ٹیسٹ کے چوتھے روز ایشون نے آخری سری لنکن بلے باز گیمج کو بولڈ کرکے محض54ٹیسٹ میچز میں اپنی 300ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرکے لیجنڈری آسٹریلین فاسٹ باﺅلر ڈینس للی کا36سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا ، حیرت انگیز طور پر ڈینس للی نے 1981ءمیں آج ہی کے دن پاکستان کیخلاف 56ویں ٹیسٹ میں 300ویں وکٹ حاصل کی تھی ۔

(جاری ہے)

ایشون اپنے ڈیبیو میچ کے بعد کم ترین عرصے میں 300وکٹیں مکمل کرنے والے دوسرے باﺅلر ہیں ،انہوں نے 6سال اور 21دن میں یہ اعزاز حاصل کیا جبکہ لیجنڈری آسٹریلیوی لیگ سپنر شین وارن نے 6سال اور3دن میں یہ ریکارڈ بنایا تھا ۔بھارتی آف سپنر کم ترین گیندوں میں 300ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے گیند باز بنے ہیں ،انہوں نے محض15636گیندیں کروا نے بعد اپنی 300ٹیسٹ وکٹیں مکمل کیں جبکہ شین وارن کو اپنی 300ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے کےلئے 18450سے زائد گیندیں کرنی پڑی تھیں۔31سالہ روی چندرن ایشون ویسٹ انڈیز کے لارنس گبز، سری لنکا کے جادوگر آف سپنر متیاہ مرلی دھرن اور بھارت کے ہر بھجن سنگھ کے بعد300ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے چوتھے آف سپنر بنے ہیں ۔
وقت اشاعت : 27/11/2017 - 17:27:24