روہت شرما ،ویرات کوہلی سے بہتر ون ڈے ، ٹی ٹونٹی بلے باز ہیں :سندیپ پٹیل

منگل 26 دسمبر 2017 16:58

روہت شرما ،ویرات کوہلی سے بہتر ون ڈے ، ٹی ٹونٹی بلے باز ہیں :سندیپ پٹیل
ممبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26دسمبر2017ء) ایک جانب جہاں دنیائے کرکٹ میں یہ بحث چل رہی ہے کہ ویرات کوہلی ، جو روٹ ،کین ولیمسن اور سٹیو سمتھ میں کون اس وقت دنیائے کرکٹ کا بہترین بلے باز ہے وہیں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر سندیپ پٹیل کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی تو ٹیم کے بھی بہترین بلے باز نہیں اور روہت شرما اس وقت ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کرکٹ میں بہترین بھارتی بلے باز ہیں ۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندیپ پٹیل کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کے چاہنے والوں کو شاید یہ اچھا نہ لگے تاہم روہت شرما اس وقت ویرت کوہلی سے بہتر ون ڈے اور ٹی ٹونٹی بلے باز ہیں ،کوہلی ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کے بہترین بلے باز ہیں تاہم جب بات ون ڈے اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی ہو تو روہت شرما ،ویرات کوہلی پر بازی لے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

سندیپ پٹیل کاکہنا تھا کہ ویرات کوہلی جنوبی افریقہ میں بہت سے رنز سکور کریں گے تاہم اگر ہم ون ڈے اور ٹی ٹونٹی فارمیٹس کی بات کریں تو روہت شرما کو کوہلی پر برتری حاصل ہے،لوگ کہیں گے انہوںنے زیادہ میچز سری لنکا کیخلاف کھیلے لیکن کوہلی نے بھی سری لنکا کے خلاف بہت میچز کھیلے ۔

ویرات کوہلی نے سال2017ءمیں 26ون ڈے میچز میں76.84کی اوسط سے 1460رنز سکور کیے جس میں6سنچریاں اور 7نصف سنچریاں شامل ہیں،دوسری جانب روہت شرما نے 21میچز میں 71.83کی اوسط سے1140رنز سکور کیے جس میں 6سنچریاں اور5نصف سنچریا ں شامل تھیں۔ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کوہلی رواں سال37.37کی اوسط سے299رنز بنا کر زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پررہے جبکہ روہت شرما 31.44کی اوسط سے 283رنز کیساتھ 8ویں پوزیشن پر فائز ہوئے۔ ویرات کوہلی کی غیر موجودگی میں روہت شرما نے سر ی لنکا کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے ٹیم کی قیاد ت سنبھالی اور دوسرے ون ڈ ے میں کیریئرکی تیسری ڈبل سنچری بنا ئی اور پھر دوسرے ٹی ٹونٹی میں اس فارمیٹ کی تیز ترین سنچری کا ورلڈ ریکارڈ بھی برابر کیا ۔ 
وقت اشاعت : 26/12/2017 - 16:58:27