سلمان ارشاد پی ایس ایل کھیلنے کا موقع دینے پر لاہورقلندرز کے شکر گزار

ہفتہ 30 دسمبر 2017 14:21

سلمان ارشاد پی ایس ایل کھیلنے کا موقع دینے پر لاہورقلندرز کے شکر گزار
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30دسمبر2017ء)لاہور قلندرز کے سکواڈ کا حصہ بننے والی کشمیری فاسٹ باﺅلر سلمان ارشاد پاکستان سپر لیگ کھیلنے کا موقع دیئے جانے پر پی ایس ایل کی تیسری مہنگی ترین فرنچائز کے شکر گزار ہیں ۔ سلمان ارشاد کو لاہور قلندرز نے اپنے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوران آزاد کشمیر سے دریافت کیا تھا جس کے بعد انہیں آسٹریلیا جانے والے لاہور قلندرز رائزنگ سٹارز کی ٹیم میں شامل کرلیا گیا جہاں ان کی پرفارمنس اتنی شاندار رہی ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ کلب ہاکسبری سی سی نے ان سے بقیہ سیزن کیلئے معاہدہ کرلیا ۔

22سالہ سلمان ارشاد اب پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کرکے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے پر عزم ہیں ۔ایک ویڈیو پیغام میں سلمان ارشاد کاکہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل تھری کے لیے لاہور قلندرز کے سکواڈ میں شمولیت پر انتہائی خوش ہیں ، ان کے پاس اپنی خوشی کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں ، یہ ان کی زندگی کا سب سے بہترین دن ہے ۔

(جاری ہے)

سلمان ارشاد کا کہنا تھا کہ انہیں کشمیر کے ہر علاقے سے فون کالز آرہی ہیں اور بتایا جارہا ہے کہ سب ان کے لیے دعا گو ہیں ،وہ لاہور قلندرز اور عاقب جاوید کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں اتنے بڑے پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا چانس دیا ۔ 

وقت اشاعت : 30/12/2017 - 14:21:12