پاکستان کی نمائندگی کی خاطر امریکا میں باسکٹ بال کھیلنے کی آفر مسترد کی : محمد عرفان کا انکشاف

پیر 15 جنوری 2018 12:29

پاکستان کی نمائندگی کی خاطر امریکا میں باسکٹ بال کھیلنے کی آفر مسترد کی : محمد عرفان کا انکشاف
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15جنوری2018ء) قومی ٹیم کے لیفٹ آرم فاسٹ باﺅلرمحمد عرفان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں امریکا میں باسکٹ بال لیگ کھیلنے کی دعوت ملی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا ۔ کراچی میںڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ کے فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عرفان کا کہنا تھا کہ انہیں امریکی باسکٹ بال فیڈریشن کی جانب سے آفر ملی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا کیوں کہ وہ پاکستان کی کرکٹ میں نمائندگی کرنا چاہتے تھے ۔

عرفان کا کہنا تھا کہ امریکی باسکٹ بال فیڈریشن نے انہیں بتایا کہ وہ ایک لمبے کھلاڑی کی تلاش میں ہیں اور اسی لیے ان سے رابطہ کیا تاہم پاکستان ان کی پہلی ترجیح ہے اور وہ اپنے ملک کے لیے کھیلنا جاری رکھیں گے ، ایک وقت تھا جب انہیں باسکٹ بال کھیلنا پسند تھی اور انہوں پاکستان آرمی کی جانب سے اس کھیل میں بھی حصہ لیا تھا ،یہ بہت جاذب نظر گیم ہے اور کسی بھی کھلاڑی کو فٹ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے بعد امریکا جانے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں وہ اپنی بہتر بنانے پر کام کریں گے ،وہ ٹیم میں واپسی کے لیے بھرپور طریقے سے پرفار م کررہے ہیں اور جلد ہی ٹیم میں دوبارہ شمولیت کے لیے پر امیدہیں۔عرفان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اپنی ہوم ٹیم ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے کے لیے پرجوش ہیں ،یہ کوئی خواب پورا ہونے کے مترادف ہے ،عرفان نے پاکستان سپر لیگ کے پہلے دو ایڈیشنز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی تھی جس نے پہلا ایڈیشن اپنے نام کیا تھا۔
وقت اشاعت : 15/01/2018 - 12:29:06